بھونیشور کے پنچ سے نیوزی لینڈ گھٹنوں پر

کولکتہ، یکم اکتوبر (یو این آئی) سوئنگ بولر بھونیشور کمار نے مہلک بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز پر پانچ وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ایڈن گارڈن میدان پر گھٹنوں کے بل لا دیا اور ہندوستان کی پوزیشن مضبوط کردی۔بھونیشور کی مہلک کارکردگی کے سامنے نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ دوسرے دن اپنے سات وکٹ محض 128 رن پر گنوا دیے ۔نیوزی لینڈ اب ہندستان کے 316 رنز کے اسکور سے 188 رن پیچھے ہے جبکہ اس کے تین وکٹ باقی ہیں۔بھونیشور نے 10 اوور میں 33 رن دے کر پانچ وکٹ لئے اور اس میچ میں امیش یادو کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے کو بامعنی کر دیا۔ہندستان نے صبح سات وکٹ پر 239 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور وکٹ کیپر ردھمان ساہا کے ناٹ آؤٹ 54 رنز کی شاندار اننگز سے 316 رنز بنائے ۔ساہا نے 85 گیندوں کی اپنی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے ۔رویندر جڈیجہ اور محمد سمیع نے 14۔14 رنز کا مفید کردار ادا کیا۔ہندستان کی اننگز لنچ سے کچھ پہلے ختم ہوئی۔26 سالہ بھونیشور نے اپنے کیریئر میں چوتھی بار ایک اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کئے ۔انہوں نے گیند کو وکٹ کے دونوں طرف سوئنگ کراتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو غلطیاں کرنے کے لیے مجبور کر دیا۔بھونیشور نے مارٹن گپٹل (13)، ہنری نکولس (ایک)، کپتان راس ٹیلر (36)، مشیل سیٹنر (11) اور میٹ ہنری (صفر) کے وکٹ حاصل کیں۔محمد سمیع نے اوپنر ٹام لاتھم (ایک) کو آؤٹ کیا جبکہ لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ نے لیوک رونچی (35) کا وکٹ لیا۔کیوی اننگز میں کپتان ٹیلر نے 80 گیندوں پر 36 رنز میں پانچ چوکے لگائے ۔ رونچی نے 52 گیندوں پر 35 رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہندستانی اننگز کو صبح لنچ سے پہلے سمیٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کو لنچ تک جاتے جاتے دو جھٹکے لگ گئے ۔ٹام لاتھم کو سمیع نے دوسرے اوور میں ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ بھونیشور کی ایک اٹھتی ہوئی گیند پر گپٹل اپنا ہاتھ نہیں ہٹا سکے اور گیند کہنی سے ٹکراکرا سٹمپ میں گھس گئی۔لنچ کے وقت نیوزی لینڈ کا اسکور دو وکٹ پر 21 رن تھا۔لنچ کے بعد بھونیشور نے نکولس کوبھی بولڈ کر دیا۔نیوزی لینڈ کا تیسرا وکٹ 23 کے اسکور پر گرا۔ٹیلر اور رونچی نے چوتھے وکٹ کے لئے 62 رن کی ساجھے داری کرکے صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن رونچی کو جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔رونچی کے آؤٹ ہوتے ہی بارش آ گئی اور کھیل روک دینا پڑا۔پھر چائے کا وقفہ بھی اسی وقت لے لیا گیا۔چائے کے وقفہ کے وقت تک نیوزی لینڈ کی اننگز میں 24.4 اوور ہوئے تھے ۔بارش تھمنے کے بعد کھیل شروع ھوا تو مہمان ٹیم نے پھر جلدی جلدی تین وکٹ گنوا دیے ۔چائے کے وقفہ کے بعد کھیل شروع ہوا تو ٹیلر نے سیٹنر کے ساتھ مل کر نیوزی لینڈ اننگز کو 100 کے پار پہنچا دیا۔ٹیلر ہندستانی توقعات کے لیے خطرناک ثابت ہوتے کہ اس سے پہلے بھونیشور نے ٹیلر کو پہلی سلپ میں مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔نیوزی لینڈ کا پانچویں وکٹ 104 کے اسکور پر گرا۔بھونیشور نے 33 ویں اوور میں مسلسل دو گیندوں پر سیٹنر کو ایل بی ڈبلیو کے بعد ہنری کو بولڈ کرکے اپنے پانچ وکٹ پورے کر لیے ۔نیوزی لینڈ کی اننگز کا 34 واں اوور ختم ھوتے ہی دن کا کھیل بھی ختم کر دیا گیا۔بارش سے متاثرہ دوسرے دن کل 52.5 اوور کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ لیکن نیوزی لینڈ کی اننگز کے 34 ویں اوور میں ہی ہندوستانی گیندبازوں نے مہمان ٹیم کو کرارے جھٹکے دے کر اسے مصیبت میں ڈال دیا۔پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹ لینے والے آف اسپنر روی چندرن اشون کو زیادہ بولنگ نہیں ملی اور انہوں نے صرف پانچ اوور ہی ڈالے ۔اشون کے ہاتھ کی انگلی میں چوٹ ہے لیکن ان کی بولنگ کی کمی کو بھونیشور نے پورا کیا جنہیں اس میچ میں امیش یادو کی جگہ آخری الیون میں جگہ ملی۔ہندستان کی پوری کوشش تیسرے دن کیوی اننگز کو جلدی سمیٹ کر بھاری برتری حاصل کرنے کی رہے گی تاکہ وہ اپنی دوسری اننگز میں ایک اچھا ا سکور بنا کر نیوزی لینڈ کے سامنے چوتھی اننگز میں بڑا ہدف رکھ سکیں۔