بہار میں بھی غیر قانونی ذبیحہ خانے بند ہوں : یوگی

دربھنگہ:16؍ جون ( عبد المتین قاسمی ) بی جے پی حکومت کے تین سال بے مثال پورے ہونے پرمرکز کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا ہے اور اسی مقصد سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم نے پڑوسی ریاست بہار کا انتخاب کیا ہے اور جب تک پٹنہ میں بی جے پی کا جھنڈا نہیں لہرائے گا اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مذکورہ باتیں یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دربھنگہ کے راج میدان میں عام اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا ۲۰۱۴ سے پہلے ملک میں عوام پریشان تھے اور تذبذب کی حالت تھی۔ جب بی جے پی کی حکومت قائم ہوئی تو یہ غریبوں، دلتوں، کمزوروں اور نوجوانوں کے لیے وقف ہوگئی۔ اس سے پہلے کسی وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے کوئی بات نہیں کہی تھی۔ یہ حکومت ہر طبقے کے کام کر رہی ہے جس میں نوجوان اور خاتون سب شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے پہلی مرتبہ زیرو بیلنس پر کھاتا کھلوایا اور ۱۵؍ لاکھ لوگوں کا کھاتا کھلا۔ بی جی پی کے قیادت میں اس ملک میں ڈیجیٹل انقلاب آئے گئے۔ دین دیال اپادھیائے کے تحت گاؤں گاؤں گھر گھر بجلی اور اجولا منصوبہ کے تحت گھر گھر گیس فراہم کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے مختلف منصوبوں کا ذکر کر کے عوام کو فائدہ پہنچانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں ہر طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے اور جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ترقی نہیں ہورہی ہے اور نوجوان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ یوگی نے کہا کہ لالو اور نتیش کے بیچ اتحاد بے جوڑ شادی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوپی میں ہماری حکومت کو ۱۰۰ دن نہیں ہوئے ہیں لیکن ہم ۲۴؍ گھنٹے میں غیر قانونی ذبیحہ خانے بند کئے اور اینٹی رومیو اسکواڈ کو سختی سے نافذ کیا تاکہ بیٹیوں کی عزت محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ۲۲؍ کروڑ لوگوں کے لیے کام کیا جارہا ہے لیکن قانون کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مرکزی حکومت کی پالیسی کا ساتھ سب کا وکاس کی پالیسی پر کام کیا جارہا ہے۔ بہار میں بھی اس کی پہل ہونی چاہئے۔ اس نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے۔ یوپی کے اہم عہدوں پر بہار کے افسران تعینات ہیں کیونکہ یہاں کے لوگوں میں صلاحیت ہے۔ آج جبکہ مرکز کی قیادت میں نوجوانوں کو ترقی ہورہی تھی تو بہار میں ترقی کیوں نہیں ہورہی ہے اس کا مطلب ریاستی حکومت کی کمزوری ہے۔ یوگی نے کہا کہ مودی کی حکومت کے تین سال بے مثال کئی معنوں میں اہم ہے۔ مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ وہ صدر بننے کے بعد کیا کریں گے تو انہوں نے کہا کہ مودی جو کر رہے ہیں وہی کروں گا ۔ دنیا امریکہ کو مانتی اور امریکہ بھارت کو مانتا ہے۔ یوگی نے ۲۱؍ جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے میں لوگوں سے شامل ہونے کی جہاں اپیل کی وہیں بہار کے ذریعہ اس ڈے نہ منائے جانے پر حکومت کو نشانہ بھی بنایا۔ ۲۰۰ ممالک یوگا ڈے منانے جارہے ہیں اور پاکستان کے علاوہ ہر ملک یوگا ڈے منائے گا۔ اس نے کہا کہ پہلے کسی ملک کا صدر اور وزیر اعظم آتا تھا تو تاج محل اور مینار تحفہ دیا جاتا تھا لیکن اب بھگوت گیتا اور رامائن تحفہ میں دیا جاتا ہے۔ رامائن دینے سے بہار اور متھلا نچل کی روایت بھی جڑ جاتی ہے۔ اس نے کہا کہ یوپی اور بہار میں گہرا رشتہ ہے۔ یوپی میں رام کی جائے پیدائش ہے تو بہار میں سیتا کی۔ میں اس رشتے کو اور مضبوط بنانے آیا ہوں۔ اس نے کہا کہ اس کو مضبوط بنانے کے لیے گڈ گری جی نے ایودھیا سے سیتا مڑھی کے لیے فورلین کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا سے جو آپ کی امید ہے وہ پوری ہوگی۔ اس نے یہ بھی کہا کہ میں پہلی مرتبہ یہاں آیا ہوں لیکن بار بار آتا رہوں گا اور جب بھی اشارہ ملے گا یہاں آتا رہوں گا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر نتیہ نند رائے، ششیل مودی، ڈاکٹر پریم کمار، نند کشور یادو، ناگیندر جھا، شیشل چودھری، رکن اسمبلی جیویش مشرا، شہری ایم ایل اے سنجے جیسوال، رامیشور چورسیا، ارجن سہنی، انل سنگھ، راجیش سنگھ، انامیکا سنگھ، ہری سہنی، ڈی این منڈل ، ضلع اقلیت سیل کے صدر محمد تنویر عالم سمیت بی جے پی لیڈران اور کارکنان بڑی تعدادمیں موجود تھے۔ پروگرام کی صدارت گوپال جی ٹھاکر نے کی۔ پروگرام کے لیے حفاظت کے سخت بندوبست کئے گئے تھے۔ پروگرام احاطہ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بھی پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔