بہار میں ترقی کے لامتناہی امکانات: نتیش

پٹنہ 17 مئی (طارق حسن): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اعلیٰ بینک افسران سے کہا ہے کہ آپ اپنے سے نیچے کی سطح کے طریقے کار کو جب تک نہیں بہتر بنائیں گے تب تک ترقی ممکن نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ آج بہار اسٹیٹ بینکرس کمیٹی کی 60 ویں (پلیٹینم جبلی) میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ترقی کی لامتناہی امکانات ہیں۔ بہار میں لوگ بینک کھاتہ میں پیسہ جمع کراتے ہیں ۔ اگر یہاں کے لوگوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے انہیں قرض نہیں ملے گا توترقی رک جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ملک کی ترقی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقی کے چند جزیرے بن گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کی شرح نمو فلکچویٹ کرتی ہے۔ اگر ملک کے سبھی حصوں میں ترقی کی شرح مساوی ہو تو ملک آگے بڑھتا رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے میٹنگ میں موجود تمام بینکوں کے اعلیٰ افسران سے کہا کہ آر ٹی جی ایس کے توسط سے پیسے ٹرانسفر کرنے کیلئے دی گئی رقم بینکوں میں مہینوں تک پڑی رہ جاتی ہے۔ اگر وقت پر لوگوں کو پیسہ نہیں ملا تو یہ پورا نظام بے کار ثابت ہوجائے گا۔ بینکوں کے ذریعہ برانچ کھولے جانے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سال 1640 نئے برانچیز کھولنے کا ٹارگیٹ ہے۔ اس میں سے اب تک 139 برانچیز کھولے گئے ہیں، یہ کافی کم ہے۔ بینکوں کی پالیسی ہے کہ 5 ہزار کی آبادی پر برانچ کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ بہار کے ہرایک پنچایت میں تو برانچ کھولئے۔ گرام پنچایتوں کی آبادی 10 ہزار سے اوپر رہتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل ٹرانزکشن کیلئے بینکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا بھی مشورہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے حوالے سے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت جو درخواستیں بینکوں کو بھیجی جارہی ہیں انہیں بینکوں کے ذریعہ بلاتاخیر منظور کیا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب کوئی نئی چیز کی شروعات کی جاتی ہے تو اس میں دشواریاں آتی ہیں۔ اسی لئے میں نے ہر جگہ جاکر دیکھا ،آپ بھی اس منصوبہ کی تشہیر کیجئے۔ اس منصوبہ کی وجہ سے بہار میں لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے نفاذ میں ٹال مٹول نہیں ہونا چاہئے۔ اس منصوبہ میں بینکوں کا کوئی نقصان نہیں ہونے والا ہے۔ حکومت پوری گارنٹی دے رہی ہے۔ بینکوں کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اسٹیٹ انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کی تشکیل کرنے جارہے ہیں ، اس کے دو بٹالین کی تشکیل کافیصلہ ہوچکا ہے۔ ایک بٹالین بیگو سرائے میں اور ایک بٹالین ڈمراؤں میں قائم رہے گا۔ اس کے توسط سے بینکوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی لاگو ہونے کے بعد بہار اور آگے بڑھے گا۔ نوٹ بندی لاگو ہونے کے بعد بھی حکومت بہار کے محصولات کی آمد میں زیادہ فرق نہیں آیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بہار کے خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو ملک کا سب سے اچھا ماڈل قرار دیتے ہوئے ایس ایچ جی کو قرض فراہم کرانے میں جو گیپ ہے اسے ختم کیجئے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی کی طرف سے شال اور میمنٹو پیش کیا گیا۔ میٹنگ میں وزیرمالیات عبدالباری صدیقی ، وزیر زراعت رام وچار رائے، وزیر دیہی ترقیات شرون کمار، وزیر شہری ترقیات ورہائش مہیشور ہزاری، چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، ڈی جی پی پی کے ٹھاکر ، ڈیولپمنٹ کمشنر ششر سنہا، پرنسپل سکریٹری مالیات روی متل ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے چیف جنرل منیجر اجیت سود، ریزرو بینک آف انڈیا کے نمائندہ برج رائے، نابارڈ کے جنرل منیجر رام اوتار مشر سمیت مختلف محکموں کے پرنسپل سکریٹری اور بینکوں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔