بہار میں عوامی شکایات کے ازالہ کا قانون نافذ

مقررہ مدت کے اندر لوگ اپنے مسائل کا حل پاسکیں گے،وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کیا پروگرام کا افتتاح،نئے قانون کو بتایاگڈ گورننس اور انصاف کے ساتھ ترقی کی طرف ٹھوس قدم

پٹنہ 05 جون (اسٹاف رپورٹر): بہار میں عوامی شکایات کے ازالہ کاقانون نافذ ہوگیا ہے۔ جنتا دل یو کے قومی صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو اس پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد ریاست کے عوام کو اس بات کا حق آحاصل ہوگیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندراپنی شکایات کاحل پاسکیں گے۔ اس کام میں لاپروائی برتنے والے یا ناکام رہنے والے افسران سزا کے مستحق ہوں گے ۔ اس پروگرام کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے۔ پانچ جون 1974کو آج ہی دن لوک نائیک جئے پرکاش نارائن نے مکمل انقلاب کا نعرہ دیا تھا اور آج عالمی یوم ماحولیات بھی ہے۔ اس تاریخی دن پر بہار عوامی شکایات کے ازالہ کی طرف ایک تاریخی قدم بڑھارہا ہے اوربہار یہ کارنامہ انجام دینے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس پروگرام کی کامیابی کے بعد سارا ہندستان دیگر معاملوں کی طرح اس معاملے میں بھی بہار کی تقلید کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جنتا دربارمیں بھی عوامی شکایات سنے جاتے تھے اور حتی الامکان شکایتوں کا ازالہ بھی کیا جاتا تھا لیکن تجربے میں یہ بات سامنے آئی کہ تمام تر کوششوں اور احتیاط کے باوجود لوگوں کو مکمل انصاف نہیں مل پاتا ہے اور ان کی شکایتیں دور نہیں ہوپاتی ہیں۔ اس لئے ہم نے اسے عوام کا ایک بنیادی حق مانا اور اسے ہر حال میں عوام کو مہیا کرانے کیلئے یہ قانون بنایا ہے۔ یہ گڈ گورننس اور انصاف کے ساتھ ترقی کی طرف بھی ایک ٹھوس قدم ہے۔ اس قانون کے تحت متعلقہ افسران کو مقررہ مدت کے اندر عوامی شکایات دور کرنا ہوگا اور جو ایسا کرنے میں ناکام رہیں گے وہ سزا کے مستحق ہوں گے۔ اگر کسی بنا پر شکایت کنندہ کی شکایت کا ازالہ ممکن نہیں ہوگا تو متعلقہ افسران کو اس کی معقول وجہ بتاتے ہوئے شکایت کنندہ کو مطلع بھی کرنا ہوگا۔ اگر اس سے وہ مطمئن ہوا تو ٹھیک ورنہ اسے اپیل میں جانے کا اختیار ہوگا۔