بہار میں 2 بڑے پلوں کا افتتاح

پٹنہ 11 جون (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو سی ایم سکریٹریٹ واقع سنواد میں بہار اسٹیٹ پل کنسٹرکشن کارپوریشن کے یوم تاسیس کے موقع پر آرہ۔ چھپرہ 6لین پل اور دیگھا ۔ سون پور سڑک پل کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی سی ایم تیجسوی پرساد یادو اور راجد سپریمو لالو پرساد یادو بھی اس موقع پر خصوصی طور پرموجود تھے۔ پلوں کے افتتاح کی تاریخ حوالے سے کہا کہ بی جے پی کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات پر وزیراعلیٰ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کرتے رہیے تکرار میں یقین، ہم ڈائیورٹ نہیں ہونے والے۔ انہوں نے کہا کہ جس کیلئے بہار میں کام ہورہا ہے انہیں سب کچھ پتہ ہے۔ اپنے افتتاحی کلمات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ تو محکمہ تعمیرات سڑک طے کرے گا کہ پل کا افتتاح کس تاریخ کو ہوگا۔ وزریاعلیٰ نے اپنی تقریر کی شروعات میں ہی لالو پرساد کو ان کے یوم پیدائش کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں جس وقت رام ولاس پاسوان ریلوے کے وزیر تھے اس وقت انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا سے دیگھا ۔سون پور ریل پل کا سنگ بنیاد رکھوایا تھا۔ اس کے بعد جب میں وزیر ریل بنا تو اس پروجیکٹ کی جانکاری کے سلسلے میں یہ معلوم ہوا کہ اس پل کو منظوری ہی نہیں ہے۔ میں نے پوری کوشش کی اور اس پروجیکٹ کو منظور دلایا اور تب کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کے ہاتھوں اس کے کام کا آغاز ہوا۔ لیکن جب ریل پل کا افتتاح ہوا کہ مرکزی حکومت ہمیں ہی بھول گئی۔ مرکز میں بیٹھے لوگوں کو یہ احساس نہیں تھا کہ جس کی کوشش سے یہ پل بنا اسے بھی افتتاحی تقریب میں بلانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پل کی تعمیر میں لالو پرساد کابڑا تعاون رہا ہے۔ اس وقت وہ ریل کے وزیر تھے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ پتہ نہیں افتتاح کے دن سے کیا پریشانی ہے یہ تو محکمہ تعمیرات سڑک طے کرے گا کہ کس تاریخ کو افتتاح ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے بی جے پی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ جواب دینے سے سوال اٹھانے والے کی اہمیت بڑھتی ہے۔ جس کو مینڈیٹ ہی نہیں ملا وہ تو یہ سب کرے گا ہی ۔ اس کے ساتھ بھی تھوڑی ہمدردی دکھائیے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کئی بڑے پل پروجیکٹ پر کام ہورہا ہے۔ کچی درگاہ بیدوپور پل کیلئے اے ڈی وی سے قرض لیا گیا ہے۔ اب 6 گھنٹے کی جگہ بہار کے کسی بھی حصے سے 5 گھنٹے میں پٹنہ پہنچنے کا ٹارگیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ کی حالت ٹھیک نہیں ہے اس کی مرمت کیلئے مرکز سے پیسہ نہیں ملتا۔ انتخاب سے پہلے جس پیکج اور خصوصی ریاست کے درجہ پر بات کی گئی اس پر عمل ہونا چاہئے۔ واضح ہوکہ حکومت نے دیگھا۔ سون پور سڑک پل کانام لوک نائک جئے پرکاش نارائن سیتو اور آرہ۔ چھپرہ پل کا نام ویر کنور سنگھ سیتو کے طور پر نوٹیفائی کیا ہے۔