بہار کو چوٹی پر پہنچانے کا عہد کریں : نتیش

پٹنہ 22 مارچ (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ جب تک بہار کو ترقی یافتہ ریاستوں کی چوٹی پر نہیں پہنچائیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس مقصد کے حصول کیلئے آپسی محبت ، بھائی چارہ اور روداری سے مل کر کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ بدھ کو سہ روزہ یوم بہار تقریبات کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔ اس بار کے یوم بہار کا تھیم ہے نشہ سے پاک بہار۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے۔ یہاں کے لوگ انتہائی محنتی ہیں۔ جہاں بھی رہتے ہیں، کسی پر بوجھ نہیں بنتے ، بلکہ دوسروں کا بوجھ ہلکا کرتے ہیں۔ اپنے دم پر آگے بڑھتے ہیں۔ قومی راجدھانی دہلی کی حالت یہ ہے کہ اگر وہاں بہار کے لوگ طے کرلیں کہ کام نہیں کریں گے تو پوری دہلی ٹھپ ہوجائے گی۔ ہر ریاست میں بہار کے آئی اے ایس، آئی پی ایس، ڈاکٹر اور دوسرے شعبوں کے ماہرین نظر آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بار کا یوم بہار بہت ہی خاص ہے۔ یہ نشہ بندی کو وقف ہے ۔ گذشتہ سال پانچ اپریل سے ریاست میں مکمل شراب بندی نافذ ہے۔ ہم نے انسانی زنجیر بناکر ساری دنیا کو نشہ بندی کا پیغام دیا۔ جس میں چار کروڑ سے زائد لوگوں نے شراب بندی کی حمایت میں اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اب ریاست کو نشہ بندی کی طرف لے جانا ہے۔ اس کیلئے مرحلہ وار مہم چلائی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ریاست کی یونیورسٹیوں اور کنسٹی چیوئنٹ کالجوں میں مفت وائی فائی کی سہولت کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیٹ کا زمانہ ہے۔ وائی فائی کے توسط سے نوجوان اپنے علم کو اور بڑھائیں گے۔ انٹر نیٹ کے استعمال میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اس کیلئے تعلیمی اداروں میں سولر پاور بھی مہیا کرائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مویشی وسائل محکمہ کی سکریٹری این جے لکشمی کے ذریعہ لکھی گئی کتاب پوکسو کا بھی اس موقع پر اجرا کیا۔ اس کتاب میں بچوں کی جنسی استحصال اور تشدد کے واقعات کے علاوہ متعلقہ قانون پر روشنی ڈالی گئی ہے۔