بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر وزیراعلیٰ نے دی مبارکباد

پٹنہ 07 مارچ (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بین الاقوامی یوم خواتین کی قبل شام ریاست اور ملک کی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کے تئیں احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین سماج کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ وہ اپنی ذہانت کے بل بوتے مختلف شعبوں میں الگ الگ پہچان بنارہی ہیں۔ کسی بھی ریاست یا پھر کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کی معاونت ضروری ہے۔ ریاستی حکومت خواتین کی اختیار کاری اور ان تک ترقی کا فائدہ پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ خواتین کی سماجی اور معاشی فروغ کے ساتھ انہیں ایک محفوظ اور بہتر ماحول دے کر ہی ترقی کو صحیح معنٰی میں زمین پر اتارا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت انصاف کے ساتھ ترقی کیلئے پابند عہد ہے۔ ترقیاتی کاموں میں خواتین کے مشورے اور ان کی حصہ داری کویقینی بنایا جانا چاہئے۔ اسی مقصد کے ساتھ تین اپریل کو منعقد ہونے والے ’’لوک سنواد پروگرام‘‘ کو’ آدھی آبادی خاص‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ اس لوک سنواد پروگرام میں وزیراعلیٰ ریاست کی خواتین سے ان کے مشورے سنیں گے۔ پروگرام میں مشورے دینے کے سلسلے میں خواتین درخواست دینے کے طریقے کے بارے میں www.loksamvad.bihar.gov.inپر تفصیلی معلومات حاصل کرسکتی ہیں۔