بی جے پی اترپردیش کی جنگ ہار چکی ہے : اکھلیش

بہرائچ، 22 فروری (یو این آئی) سماج وادی پارٹی کے صدر او روزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ خواب دکھا کر مرکز کی اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی اترپردیش کی جنگ میں شکست تسلیم کرچکی ہے او ریہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دوسرے رہنما اول جلول تقریروں کے ذریعہ الیکشن کی سمت بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔مسٹر یادو نے آج یہاں ایک انتخابی جلسہ میں کہا کہ وزیر اعظم مودی لڑائی ہار چکے ہیں اور اب راستہ بدل رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ رمضان میں بجلی ملتی ہے تو دیوالی پر بھی ملنی چاہئے ۔ انہیں شاید پتہ نہیں ہے کہ ریاستی حکومت نے دیوالی میں بھی 24 گھنٹے بجلی سپلائی کی ہے او ر رمضان میں بھی مسلسل بجلی سپلائی کی ہے ۔ سماج وادی حکومت نے ہمیشہ بھید بھاو کے بغیر کام کیا ہے ۔تھانوں کو مجرموں کا اڈہ بتانے سے متعلق بی جے پی لیڈروں کے بیان پر وزیر اعلی نے کہاکہ سماج وادی حکومت نے پولیس کی بہتری کے لئے جو قدم اٹھائے ہیں وہ ایک مثال ہے ۔ عام آدمی کی سلامتی کے لئے پولیس کو جدید ترین ہتھیار اور سازو سامان سے لیس کیا گیا ہے ۔ پولیس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی گئی ہیں۔ پولیس ملازمین کی ترقی اور بھرتی کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے ۔