بی جے پی جمہوریت کو کمزور کررہی ہے : راہل

نئی دہلی، 14 مارچ(یوا ین آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ان کی نظریاتی جنگ ہے اور گوا اور منی پور میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے اس نے جو طریقہ کار اپنایا ہے ، کانگریس اسی کے خلاف لڑ رہی ہے ۔مسٹر گاندھی نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہوئے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے دو اور ہم نے تین ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ۔ دو ریاستوں میں بھی ہم ہی کامیاب ہوئے تھے لیکن بی جے پی نے جمہوریت کو نظر انداز کردیا ہے ۔کانگریس صدر نے ٹوئٹ کرکے بھی کہا کہ ہماری لڑائی بی جے پی کے نظریات کے خلاف ہے ۔ منی پور او رگوا میں بی جے پی نے جو بھی کیا کانگریس اسی نظریہ کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ راہل گاندھی کا یہ بیان گوا میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر کانگریس کے ابھرکر آنے کے باوجود بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت دئے جانے کے درمیان آیا ہے ۔کانگریس گورنر کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں گئی ہے لیکن عدالت نے نئی حکومت کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے کہا ہے ۔