ترقی پسند معاشرہ دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرے : راج ناتھ

نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ہر ترقی پسند معاشرے کو دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہوئے اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ مسٹر سنگھ نے یہاں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب سمالکھا میں قومی سلامتی گارد (این ایس جی) کے کماڈوز کے لئے ایک نئے احاطے کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ملک میں دہشت گر حملوں کے دوران دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے این ایس جی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے باشندوں کو ان کماڈوز پر پختہ یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ترقی یافتہ ملک دہشت گردانہ حملوں سے اچھوتا نہیں ہے اور دنیا کے تمام ترقی پسند معاشروں کو دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہو کر اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ این ایس جی دہشت گردی سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ملک کے باشندوں کو اس پر مکمل اعتماد ہے ۔ گذشتہ جنوری میں جب پٹھان کوٹ ائیر بیس پر دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا تو اس وقت سیکورٹی فورسز نے اہم اسٹریٹجک اثاثوں اور تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچنے دیا تھا۔ انہوں نے این ایس جی کو یقین دلایا کہ اس کے بنیادی ڈھانچے اور ٹریننگ کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔این ایس جی کے کماڈوز دوست ممالک کے اپنی طرح کے فورسز کے ساتھ باقاعدہ مشق کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں مؤثر طریقے سے تربیت یافتہ ہونے میں مدد ملے گی۔