تیز رفتار بس نے درخت میں ماری ٹکر، 4ہلاک

کھونٹی(جھارکھنڈ)، 4جون (شاہد اشرفی)۔ مورہو تھانہ علاقے میں رانچی سے سمڈیگا جارہی ایک مسافر بس اتوار کو بے قابو ہوکر درخت سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں چار کی موت ہو گئی جبکہ 30 افراد زخمی ہیں۔سب کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمی مسافروں کے مطابق ڈرائیور تیز رفتار چلتی بس میں موبائل فون پر بات کر رہا تھا اور اسی دوران یہ حادثہ ہوا۔ حادثے میں تین لاشیں بس میں پھنس گئیں، جنہیں باہر نکالنے کے لئے جے سی بی کی مدد لینی پڑی۔ جے سی بی سے بس کو پیچھے ڈھکیلا گیا، تب لاشوں کو باہر نکالا جا سکا۔ مردوں میں مسافر سندر مانجھی، راجیش مانجھی، تارا دیوی اور بس کنڈکٹر چرکو گوپ شامل ہیں۔وہیں حادثہ کے بعد ڈرائیور موقع تلاش کر بھاگ نکلا۔ مسافروں کے مطابق بس میں تقریباً 60 افراد سوار تھے اور تمام سمڈیگا جا رہے تھے۔ بس کی رفتار کافی تیز تھی اور گانا بھی بج رہا تھا۔ ڈرائیور موبائل پر کسی سے بات کر رہا تھا۔ اچانک بس بے قابو ہوئی اور گاڑی کا بایاں حصہ سڑک کنارے کھڑے درخت سے جا ٹکرایا۔ اس حادثہ میں بس کا اگلا حصہ خستہ حال ہو گیا۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ بس کے سامنے کے حصے کے پرخچے اڑ گئے۔ اس کی آواز دور تک سنائی دی۔حادثے کے بعد بس میں چیخ و پکار مچ گیا۔ کئی لوگ بیہوش ہو گئے۔