ثانیہ۔ھنگس سیمی فائنل میں

سنگاپور، 28 اکتوبر (یواین آئی) گزشتہ چمپئن اور دوسری سیڈ ہندوستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور سوئزرلینڈ کی مارٹینا ھگس کی جوڑی نے پھر سے ایک ساتھ کورٹ پر شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے جمعہ کو خواتین کے ڈبلز کا پہلا میچ جیت کر ڈبلیوٹی اے فائنلس ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ۔ اگست میں الگ ہونے والی ثانیہ۔ھنگس کی جوڑی نے پہلے دور کے مقابلے میں چینی تائی پے کی جوڑی ہاو چنگ چن اور ینگ جان چان کو ایک گھنٹے 56 منٹ تک چلے مقابلے میں مسلسل سیٹوں میں سات ۔چھ، سات ۔پانچ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ دونوں کھلاڑی اسی ٹورنامنٹ کے لیے ایک ساتھ جوڑی بنا کر کھیل رہی ہیں۔ ثانیہ اور ھنگس نے 2015 میں انڈین ویلز میں جوڑی بنائی تھی اور اس کے بعد 41 میچ جیتے اور تین گرینڈ سلیم سمیت 11 ڈبلیوٹی اے خطاب اپنے نام کئے تھے ۔ دوسری سیڈ ہندوستانی ۔سوئس جوری اب فائنل میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے اگلے میچ میں چوتھی ایکاتیرینا ماکارووا اور ایلینا ویسنینا اور آندریا لاواکووا اور لوئس رادیکا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح جوڑی سے مقابلہ کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں دوسری سیڈ ثانیہ۔ھنگس کی جوڑی نے جیت کے بعد خوشی کا اظہار کیا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے کہا “سنگاپور میں واپس آکر اچھا لگ رہا ہے ۔ ساتھ ہی مارٹینا کے ساتھ بھی دوبارہ کھیل کر اچھا محسوس کر رہی ہوں اور خوش ہوں کہ ہم نے جیت کے ساتھ شروعات کی۔ ” سنگاپور میں گزشتہ چمپئن جوڑی کا حوصلہ بلند نظر آرہا تھا لیکن چان بہنوں نے پہلا سیٹ سخت جدوجہد کے بعد ٹائی بریک میں پہنچا دیا۔ اس سیٹ میں دونوں ٹیموں کو تین تین سیٹ پوائنٹ ملے لیکن پھر ثانیہ۔ھنگس نے ٹائی بریک جیت لیا۔