ثانیہ بوپنا کی جوڑی کوارٹر فائنل میں

ریو ڈی جینیریو،12اگست(یواین آئی)ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی تجربہ کار جوڑی نے ریو اولمپک میں جیت کے ساتھ شروعات کرتے ہوئے آسٹریلیا کی سامنتھا استوسراور جان پیرس کی جوڑی کو مسلسل سیٹوں میں 5-7، 4-6 سے ہراکر مکسڈ ڈبلز ٹینس مقابلے کے کواٹرفائنل میں قدم رکھ دیا ہے ۔جمعرات کو ہوئے اس ٹینس مقابلے کی شروعات میں آسٹریلیا جوڑی نے ثانیہ اور بوپنا کو زبردست ٹکر دے کر دباؤبنانے کی کوشش کی۔پہلے سیٹ کی شروعات پیرس نے زبردست سرو کے ساتھ کی جبکہ بوپنا کو پہلے سرو میں کافی دقت پیش آئی۔ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کے درمیان 73منٹ تک کھیلے گئے اس میچ میں دونوں جوڑیوں نے پہلے آٹھ گیمس میں اپنی سروس بچائی لیکن نویں گیم میں ہندوستانی جوڑی نے حریف ٹیم کی سروس بریک کر کے 4-5سے سبقت حاصل کرلی ۔لیکن ثانیہ نے اس کے بعد بیک ہینڈ والی میں غلطی کردی۔حالانکہ اس کے باوجود انہوں نے میچ پر اپنا قابو قائم رکھا۔مسلسل تیسری بار حریف ٹیم کی سروس بریک کرنے کا موقع حاصل کرتے ہوئے ثانیہ بوپنا نے کوئی غلطی نہیں کی اور 36 منٹ میں پہلا سیٹ 5-7سے جیت حاصل کی۔اس کے بعد دوسرے سیٹ کی شروعات بھی کچھ پہلے جیسی ہی رہی اور بوپنا پھر سے کچھ خاص سروس نہیں کرسکے ۔لیکن دوسری سمت پیرس اور استوسر کی جوڑی نے اس سیٹ میں مسلسل غلطیاں کیں جس کا فائدہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو ملا۔سیٹ میں 2-2پر پیرس کی سروس کا ثانیہ نے بہترین بیک ہینڈ سے جواب دیا۔اس کے بعد پیرس نے ڈبل فالٹ کیا جس سے ہندوستانی ٹیم کو بہترین شروعاتی بریک کاموقع ملا۔بوپنا اورپیرس نے پھر اپنی اپنی سروس بچائی لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے زبردست ایس لگاتے ہوئے 37منٹ میں دوسرا سیٹ 4-6پر ختم کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔ریو میں خواتین ڈبلز سے باہر ہوچکیں ثانیہ نے میچ کے بعد کہا کہ حالات کافی مشکل ہیں کیونکہ یہاں پر ہوا بہت تیز تھی۔ہم تیز گرمی کے عادی ہیں لیکن اتنی تیز ہوا کے درمیان کھیلنا کافی مشکل تھا۔ثانیہ نے چار سال پہلے لندن اولمپک میں لینڈر پیس کے ساتھ جوڑی بناکر مکسڈ ڈبلز میں کھیلا تھا اور کواٹر فائنل تک پہنچ گئی تھیں ۔چوتھی سیڈ ثانیہ اور بوپنا کے سامنے کواٹرفائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے اورہیدر واٹسن کی جوڑی ہوگی۔یہ جوڑی ٹورنامنٹ میں غیر سیڈ یافتہ ہے لیکن مرے اس وقت دنیا کے نمبر دو کے مینز سنگل کھلاڑی ہیں اور یقیناً ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے یہ میچ کافی اہم ہوگا۔اس سے پہلے مرے اورہیدر نے ایک دیگر مکسڈ ڈبل میچ میں اسپین کے ڈیویڈ فیرر اور کارلا سوآریج نوارو کی جوڑی کو پہلے دور میں 3-6 , 3-6 سے ہرایا ۔