جن دھن میں ایک روپیہ جمع کرانے کی جانچ ہورہی ہے : جیٹلی

نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ وزیراعظم جن دھن یوجنا کے کھاتوں میں بینکوں کے ذریعہ ایک ایک روپیہ جمع کرانے کی رپورٹ کے جانچ کی جارہی ہے ۔ مسٹر جیٹلی یہاں پبلک سیکٹر کے بینکوں اور مالی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ سہ ماہی جائزہ میٹنگ کے بعد ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا میں 42 ہزار کروڑ روپیہ جمع ہوئے ہیں اور اتنی بڑی رقم ایک ایک روپیہ جمع کرانے سے اکھٹی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا میں 24 کروڑ بینک کھاتے ہیں اور ان میں 42 ہزار کروڑ روپیہ جمع ہیں۔ کھاتہ کھولنے والے لوگ سماج کے نچلے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اتنی بڑی رقم ایک ایک روپیہ جمع کرانے سے نہیں آسکتی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بینکوں سے جن دھن کھاتوں کے بارے میں پوچھا گیا ہے اور ان رپورٹوں کی جانچ کی جارہی ہے کہ بینک اس یوجنا کے تحت کھولے گئے ان کھاتوں میں اپنی طرف سے ایک ایک روپیہ جمع کررہے ہیں جن میں ایک بھی پیسہ جمع نہیں ہے ۔ خبروں میں بتائے گئے حقائق کی جانچ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بینکوں میں شاخوں کی سطح پر غلط فہمی ہوسکتی ہے ۔ الزامات کی جانچ ہورہی ہے ۔ بینکوں سے اس سلسلہ میں رپورٹ مانگی جارہی ہے ۔