جوہی چاؤلہ اور ان کے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج

8 لاکھ روپے ٹھگنے کا الزام

رانچی (جھارکھنڈ)، 4جون (معیز الدین خان)۔ لال پور تھانے میں بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاؤلہ اور ان کے شوہر جے مہتا سمیت سات دیگر لوگوں کے خلاف آٹھ لاکھ روپے ٹھگنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر ہائی کورٹ کے حکم کے بعد درج ہوئی ہے۔ جھارکھنڈ کے پرائیویٹ اسکولوں کے لئے ایجوکیشنل پروگرام تیار کرنے والی کمپنی ’آئی کیو لاجک انڈیا‘کے ڈائرکٹر اور بریاتو علاقے کے باشندہ جئیش سنہا نے مئی 2015 میں اس سلسلے میں کورٹ میں شکایت کی تھی۔ کورٹ کے حکم کے بعد 19 فروری، 2016 کو دفعہ 406، 420 اور 120 (B) کے تحت لال پور تھانے میں ایف آئی آر نمبر 62/16 درج کی گئی۔ جئیش کے مطابق ممبئی کی کمپنی ابکل فیوٹیک کے ڈائریکٹر چودھری اے پی بندے اور مارکیٹنگ ہیڈ اپوروا نے ان سے 2013 میں کانٹریکٹ کیا تھا۔ اسکولوں میں ڈیجیٹل ایجوکیشن کے لئے دونوں نے فرنچائز دینے کی بات کہی تھی۔ اس کمپنی کے فاؤنڈرجے مہتا جبکہ جوہی چاؤلہ برانڈ پبلسٹی امبیسڈر ہیں۔ اس دوران جمشید پور اور رانچی میں ڈیجیٹل پروگرام کے لئے کل 4 لاکھ اور سیکورٹی منی کے طور پر 4 لاکھ روپے دیے گئے۔ یہ روپے چیک کے ذریعے کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے تھے۔ پیسے لینے کے بعد کمپنی کے ڈائریکٹر چودھری امبیکا پرساد فرنچائز دینے کے نام پر ٹال مٹول کرنے لگے اور آخر میں 23 مارچ 2015 کو روپے واپس کرنے سے صاف صاف انکار کر دیا۔