جو دنیاوی حیثیت میں تجھ سے زیادہ ہے ، اس کو دیکھ کہ نا شکری پیدا ہوگی ۔ نبی کریم ﷺ

حضور ﷺ کا معجزہ : پہاڑ کا ہلنا
رسول اللہ ﷺ ایک مرتبہ اُحد پہاڑ پر چڑھے، آپ ﷺ کے ساتھ حضرت ابوبکرؓ، عمرؓ اور عثمانؓ بھی تھے، وہ پہاڑ ہلنے لگا رسول اللہﷺ نے پہاڑ پر اپنا پاؤں مارکر فرمایا: اے اُحد! ٹھہر جا، تجھ پرایک نبی، ایک صدیق اور دو شہید ہیں۔ (تو وہ ٹھہر گیا)۔ [بخاری:3675 ، عن انسؓ]
ایک فرض کے بارے میں : اذان سن کر نماز کے لیے نہ جانا
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’سراسر ظلم، کفر اور نفاق ہے، اس شخص کا فعل جو اللہ کے منادی (یعنی مؤذن) کی آواز سنے اور نماز کو نہ جائے۔‘‘ [طبرانی کبیر :16804 ،معاذ بن انسؓ ]
ایک سنت کے بارے میں :گناہوں سے معافی کی دعا
اپنے گناہوں سے معافی مانگنے اور اللہ تعالیٰ سے رحم و کرم طلب کرنے کے لیے یہ دعا کرنی چاہیئے، یہ حضرت آدم و حوا علیہما السلام کی دعا ہے، جو انہوں نے اپنی معافی کے لیے اللہ تعالیٰ سے کی تھی : (رَبَّنَا ظَلَمْنَآ اَنْفُسَنَا سلآۃ وَاِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَ تَرْحَمْنَا لَنَکُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ) ترجمہ : اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر بڑا ظلم کیا (اب) اگر آپ ہماری مغفرت نہیں فرمائیں گے اور رحم نہیں کریں گے تو ہمارا بڑا نقصان ہوجائے گا۔[سورۂ اعراف :23]