جڈیجہ بنے عالمی نمبر 1 ، پجارا نمبر2

نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں اب مشترکہ نہیں بلکہ اکیلے ہی دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں تو وہیں ہندستانی ٹیم کے بلے باز چتیشور پجارا بھی کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی کی منگل کو تازہ جاری ٹیسٹ رینکنگ میں جڈیجہ 899 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر پہنچ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہندستان کا تیسرا ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے ان کے ساتھ مشترکہ نمبر ون تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون کھسک کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف پیر کو رانچی میں ڈرا رہے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میں اپنی ڈبل سنچری (202 رنز) کی بدولت ہندوستان کو برتری دلانے والے پجارا کو بھی ان کی ناقابل یقین بلے بازی نے کیریئر کی بہترین ٹیسٹ رینکنگ پر پہنچا دیا ہے ۔29 سالہ پجارا براہ راست چار مقام کی چھلانگ کے ساتھ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 861 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ چھٹے سے اٹھ کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔پجارا نے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو بے دخل کرتے ہوئے ان کی جگہ لی ہے جو اب پانچویں مقام پر کھسک گئے ہیں جبکہ سنچری بنانے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ (941 ریٹنگ پوائنٹس) اپنے سرفہرست مقام پر برقرار ہیں۔انہیں معمولی چار درجہ بندی پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے ۔انگلینڈ کے جو روٹ اپنے تیسرے مقام پر برقرار ہیں۔موجودہ ٹیسٹ سیریز میں بلے سے فلاپ چل رہے ہندوستانی کپتان اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی اپنے چوتھے مقام پر برقرار ہیں لیکن انہیں 21 درجہ بندی پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ وراٹ کے اب 826 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔وراٹ نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے میچ میں بھی مایوس کیا اور وہ چھ رنز ہی بنا پائے تھے ۔ٹاپ 10 ٹیسٹ بلے بازوں میں ہندستان کے دو ہی کھلاڑی پجارا اور وراٹ شامل ہیں۔مڈل آرڈر کے اہم کھلاڑی اجنکیا رہانے کو بھی درجہ بندی میں دو مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ 15 ویں سے کھسک کر 17 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔رہانے گزشتہ میچ میں 14 رنز ہی بنا پائے تھے ۔سلامی بلے باز لوکیش راہل کو ان کی نصف سنچری اننگز کی بدولت 19 درجہ بندی پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ اپنے بہترین 675 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 23 ویں نمبر پر ہیں۔وہیں مرلی وجے چار مقام کی بہتری کے ساتھ 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔مرلی نے گزشتہ میچ میں 82 رنز کی مفید اننگز کھیلی تھی اور اس کی بدولت انہیں 20 درجہ بندی پوائنٹس کا بھی فائدہ ہوا ہے اور اب ان کے پاس 630 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔وکٹ کیپر بلے باز اور آٹھویں نمبر پر 117 رنز کی اننگز کھیلنے والے ردھمان ساہا نے 14 مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور کیریئر کی بہترین 51 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔انہیں 67 درجہ بندی پوائنٹس کا بھی فائدہ ملا ہے ۔رانچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی دونوں اننگز میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ اب اپنے کیریئر کی بہترین درجہ بندی اور بہترین ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کے بہترین دور میں بھی پہنچ گئے ہیں۔جڈیجہ نے ہندوستان کیلئے آسٹریلیا کی دونوں اننگز میں کل نو وکٹ نکالے تھے اور اب وہ 899 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ 900 کا جادوئی ہندسہ چھونے سے محض ایک پوائنٹ دور رہ گئے ہیں۔جڈیجہ 900 کا ہندسہ دھرم شالہ میں چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں ایک اور بہترین کارکردگی سے چھو سکتے ہیں۔
اگر وہ ایسا کر پاتے ہیں تو جڈیجہ 900 کی درجہ بندی میں پہنچنے والے دوسرے ہندستانی بولر اور مجموعی تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے ۔عظیم سچن تندولکر کبھی اپنے کیریئر میں 900 کے درجہ بندی تک نہیں پہنچ پائے ۔ان کی بہترین درجہ بندی 898 رہی تھی۔سنیل گواسکر کی 916 اور اشون کی 904 درجہ بندی رہی ہے ۔تیسرے ٹیسٹ کے شروع میں جڈیجہ آف اسپنر اشون کے ساتھ مل کر نمبر ایک بولر تھے لیکن اب وہ سرفہرست پائدان پر اکیلے ہیں جبکہ اشون کو خراب بولنگ کا نقصان ہوا اور وہ 30 درجہ بندی پوائنٹس کے نقصان کے ساتھ اب 862 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ٹاپ 10 گیند بازوں میں ہندستان کی نمائندگی جڈیجہ اور اشون کر رہے ہیں جبکہ فاسٹ بولر ایشانت شرما ایک جگہ گر کر 24 ویں اور امیش یادو تین مقام کی بہتری کے ساتھ 26 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ ایک جگہ گر کر چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ٹیسٹ آل را¶نڈرز میں اشون دوسرے اور جڈیجہ تیسرے مقام پر ہیں۔اشون کے 408 اور جڈیجہ کے 387 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔بنگلہ دیش کے شکیب الحسن چوٹی پر قائم ہیں۔