جھارکھنڈ میں اس سال ایک لاکھ لوگوں کی بحالی :رگھوور

رانچی ،یکم جون (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ کا نام روشن کرنے والے معذور کرکٹر گولو اوہدار کو حکومت ایک لاکھ روپئے دے گی۔ ساتھ ہی ان کی ملازمت کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بدھ کو بوٹی گاؤں میں گولو کمار کی عزت افزائی کے بعد جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں معذوروں کیلئے 3 فیصد اور کھلاڑیوں کیلئے 2فیصد ریزرویشن کا نظم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جھارکھنڈ میں اس سال تقریباََ ایک لاکھ لوگوں کی بحالی ہوگی اس کیلئے حکومت نے مقامی پالیسی کا اعلان کردیا ہے ۔ اب ضلع کے سطح پر لوگوں کونوکری ملے گی جس کا فائدہ یہاں کے عام لوگوں کو بھی ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں لوگوں کو خودروزگار سے جوڑنے کیلئے کافی کام کئے جارہے ہیں۔ اس کے تحت لوگوں کو ہنر مند بنایا جارہا ہے اور ریاست کے 26 ہزار سیلف ہیلپ گروپوں سے وابستہ 2 لاکھ خواتین کو تربیت دے کر روزگار سے جوڑاجارہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوانوں کو بھی تربیت دے کر مدرا یوجنا کے تحت قرض مہیا کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نابالغ بچیوں کی شادی جرم ہے ، بیٹیوں کو پڑھائیں، ریاستی حکومت کا بھی نعرہ ہے ،پہلے پڑھائی پھر وداعی ۔