جھارکھنڈ میں10کے وی کے ٹرانسفرمر25 کے وی کے ہوں گے : رگھوور

رانچی 24 اگست (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے 15 نومبر تک ریاست کے سبھی 10 کے وی کی صلاحیت والے ٹرانسفرمروں کو بدل کر 25 کے وی کے ٹرانسفرمر لگانے کا حکم دیا ہے۔ ٹرانسفرمر پر زیادہ لوڈ نہ ہو اور وہ صحیح طریقے سے کام کرسکے اس کیلئے پانچ ہزار ٹرانسفرمر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 7 ستمبر کو سبھی 80 اسمبلی حلقوں میں ایک ساتھ 500 ٹرانسفرمر بدلے جائیں گے۔ اس موقع پر سبھی ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون اسمبلی کو اپنے اپنے حلقے میں ہونے والے پروگرام کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بدھ کو سکریٹریٹ واقع اپنے چیمبر میں محکمہ توانائی کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کام کو مہم کے طور پرچلایا جائے گا۔ لوگوں کو لگاتار بجلی ملے اس کیلئے ایڈوانس پلاننگ کرکے کام کرائیں۔ ٹنڈر کا عمل وقت پر پورا کریں ،پیسے کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔