جھارکھنڈ کو ملک کا دوسرا آئی ٹی ہب بنائیں گے: رگھوور

رانچی 04 اکتوبر (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ کو بھارت کا دوسراآئی ٹی ہب بنانا ہے۔ آئی ٹی کمپنیاں ریاست میں سرمایہ کاری کریں انہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن امداد مہیا کرائی جائے گی۔ جھارکھنڈ میں سرمایہ کاری کیلئے بہت ہی موافق ماحول ہے۔ بینک بھی مالی امداد دینے کیلئے تیار ہیں اور اس کام کیلئے ہمارے پاس 200 ایکڑ زمین کا لینڈ بینک بھی ہیں۔ چھوٹی چھوٹی کمپنیاں آئیں، درخواست دیں ایک ہفتہ کے اندر زمین مہیا کرائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ آج ہوٹل بی این آر چانکیہ میں جھارکھنڈ سبمٹ کا افتتاح کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ حکومت کا فوکس آئی ٹی پر ہے ۔ آئی ٹی عوام اور حکومت کی دوری کو کم کرتا ہے ساتھ ہی کام میں تیزی اور شفافیت بھی لاتا ہے۔ ہم ای۔گاؤں اور گورننس کے ساتھ ای ۔ جھارکھنڈ بنانے کا کام کررہے ہیں۔ ابھی عام لوگوں سے جڑی 150 خدمات کو ای۔ گورننس سے جوڑا گیا ہے۔ 1400 پنچایتوں کو بھی ای ۔ گاؤں کے تحت آئی ٹی سے جوڑ دیا گیا ہے۔ 2017 تک بقیہ تمام پنچایتوں کو بھی جوڑ دیا جائے گا۔