جی ایس ٹی ریٹرن فائل کرنے کیلئے2 ماہ کی مہلت :جیٹلی

نئی دہلی، 18 جون (یو این آئی) حکومت نے آج واضح کر دیا کہ ملک بھر میں گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی)یکم جولائی سے ہی لاگو ہوگا۔ تاہم، ٹیکس دہندگان کی اس سلسلے میں مختلف تشویشات کے پیش نظر جی ایس ٹی کونسل نے پہلے دو ماہ کے ڈیٹیل انوائس کے ساتھ ریٹرن فائل کرنے کے لئے اضافی وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے یہاں کونسل کے 17 ویں اجلاس کے بعد بتایا کہ ماہانہ ریٹرن فائل کرنے میں وقت کی حد کے تعلق سے سختی صرف ستمبر سے ہی نافذکیا جائے گا، جبکہ جولائی اور اگست کے لئے اس میں چھوٹ دی گئی ہے ۔پہلے دوماہ میں کسی طرح کی سختی نہیں برتی جائے گی اور یہ اضافی مہلت کی طرح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ایڈوانس رولنگ، اپیل اور نظرثانی (رویزن)، جائز ہ اور آڈٹ،انسداد منافع خوری قوانین اور فنڈ سیٹلمنٹ قوانین اور فارم فارمیٹس کی منظوری دے دی گئی۔ اشیاء کو ایک ریاست سے دوسری ریاست میں منتقل کرنے سے متعلق ای وے بل پر اتفاق نہیں بن پانے کی وجہ سے یہ بعد کے لئے موخر کردیا گیا ہے اور فوری طور پر ایک نیا قاعدہ بنا کر ریاستوں کے موجودہ نظام کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاٹری کے بارے میں فیصلہ ہو گیا ہے ۔ براہ راست ریاستی حکومتوں کی طرف سے چلائی جانے والی لاٹری پر 12 فیصد اور ریاستی حکومت کی طرف سے رجسٹرڈ پرائیویٹ کمپنیوں کی جانب سے چلائی جانے والی لاٹری پر ٹیکس کی شرح 18 فیصد طے کی گئی ہے ۔ جی ایس ٹی کونسل کی اگلی میٹنگ 30 جون کو ہوگی۔