جے این یو میں پی ایچ ڈی کی سیٹوں میں کمی نہیں ہو گی : جاوڈیکر

نئی دہلی، 05 اپریل (یو این آئی) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں یقین دہانی کرائی کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں پی ایچ ڈی اور ایم فل کی سیٹوں میں کمی نہیں ہوگی بلکہ نیا سیشن شروع ہونے پر یہ نشستیں پہلے سے زیادہ بڑھ جائیں گی۔جنتا دل (یو) کے شرد یادو نے وقفہ صفر میں جے این یو میں مختلف محکموں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی میں نشستوں کی کمی کا مسئلہ اٹھایا. انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے عہد میں جے این یو میں درج فہرست ذات و قبائل اور معذورین کے لیے مخصوص عہدے بھرے نہیں گئے ۔ موجودہ حکومت نے ان خطوط پر 300 تقرریوں کا عمل شروع کیاہے اور جلد ہی یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اور ایم فل کی 970 نشستیں تھی اور نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے کے بعد ان سیٹوں کی تعداد بڑھے گی۔مسٹر یادو نے کہا کہ جے این یو ملک کی ایک اہم یونیورسٹی ہے اور آنجہانی مرکزی وزیر ارجن سنگھ نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کی سیٹوں میں دیگر پسماندہ طبقات کے لئے سیٹیں ریزرو کی تھیں۔ لیکن یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے ایک حکم جاری کر کے اننشستوں کی تعداد کم کر دی ہے . انہوں نے کہا کہ اس حکم سے 102 نشستیں گھٹ جائیں گی۔ اس یونیورسٹی میں ملک کے ہر کونے سے غریب طالب علم آکر پڑھتے ہیں۔جے ڈی یو لیڈر نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے میں عدالت کے حکم کی آڑ نہیں لینی چاہئے اور اساتذہ کے عہدے بھر کر طالب علموں کی تعداد بڑھانی چاہئے ۔بہت سے ارکان نے مسٹر جاوڈیکر کے جواب سے اختلاف کیا لیکن ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ وزیر نے ایوان میں جو یقین دہانی کرائی ہے ، انہیں اس پر یقین نہ کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔