جے وی ایم لیڈر بابو لال مرانڈی سے ملے نتیش

پٹنہ 03 جون (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ اور جھارکھنڈ وکاس مورچہ کے صدر بابو لال مرانڈی سے رسمی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ بابو لال مرانڈی کے درمیان مختلف موضوعات پرتبادلہ خیال ہوا۔ اس دوران بابو لال مرانڈی نے نتیش سے اپیل کی کہ غیر منقسم بہار کے جو ضلع جھارکھنڈ میں چلے گئے ہیں ان ضلعوں سے متعلق کیڈسٹرل اور ریویزنل نقشے کو جھارکھنڈ کے حوالہ کیا جائے۔ ان کی اپیل پر وزیراعلیٰ نتیش کمار نے فیصلہ لیا کہ جھارکھنڈ ریاست میں بہار کے جواضلاع چلے گئے ہیں ان اضلاع سے متعلق نقشوں کی اصل کاپی جھارکھنڈ کے حوالہ کی جائے۔ یہ بہار کی طرف سے جھارکھنڈ کیلئے اچھا تحفہ ہوگا اور امید کی جاتی ہے کہ اسی جذبے سے دونوں ریاستوں کے بیچ دیگر زیر التوا معاملوں کو بھی سلجھایا جاسکے گا۔