حال میں رہ کر بہار کا مستقبل لکھنے کی کوشش : تیجسوی

پٹنہ، 16 ستمبر (یو این آئی) بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے ریاست کی ترقی کے لئے سرکار کی اولین ترجیح بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حال میں رہ کر بہار کا سنہرا مستقبل لکھ رہے ہیں۔مسٹر یادو نے ٹوئیٹ کرکے کہا کوئی بھی ترقی کے ہمارے خاص ایجنڈے سے ہمیں ہٹانہیں سکتا۔ ریاست میں مہاگٹھ بندھن (عظیم اتحاد) سرکار طویل عرصہ تک رہے گی اس لیے سرکار کے مستقبل کو لے کر کسی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔نائب وزیر اعلی نے کہا نئے دور میں توانائی ،نئی فکر اور نئی سیاست کے ساتھ بہار کو مضبوط بنانے کا عزم ہے ۔ تاریخ کے باسی اوراق میں رہنا ہمارے مخالفین کو مبارک ہو ۔ ہم حال میں رہ کر بہار کا سنہرا مستقبل رقم کرنے میں لگے ہیں۔ منفی سیاست اور بحث میں پڑنا میرا مزاج نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ قومی جنتادل کے سابق پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کے جیل سے نکلنے کے بعد عظیم اتحاد کے لیڈروں کے درمیان جاری سیاسی جھگڑے سے ریاست کی عظیم اتحاد سرکار کے مستقبل پر شک کے بادل لہرانے لگے تھے حالانکہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے بیان کے بعد عظیم اتحاد کے لیڈروں کے درمیان تلخی میں کمی آئی ہے ۔