حدیث

جو میانہ روی اختیار کرتا ہے، وہ مفلس نہیں ہوتا۔(نبی کریم ﷺ)
اللہ کی قدرت : زمین میں سارے خزانے اللہ نے رکھے ہیں
اللہ تعالیٰ نے زمین کے اندر مختلف قسم کے تیل کے خزانے رکھے ہیں، جن میں پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل انسانی ترقی کے لیے بہت ہی اہم اور ضروری ہیں، آج تیل کی جتنی اہمیت و ضرورت ہے، اتنی پہلے کبھی نہ تھی، انسان دن رات مسلسل تیل نکالتا ہی جارہا ہے، لیکن تیل کے ذخائر کے ختم ہونے کا اندیشہ ہی نہیں؛ اندازہ لگائیے اگر یہ تیل کے ذخیرے ختم ہوجائیں، تو انسانی زندگی ٹھہر جائے گی، ذرا غور کیجیے کہ زمین کے اندر تیل کہ یہ ذخیرے کس نے رکھے؟ یقیناًیہ اللہ تعالیٰ کے اس خزانے سے ہے، جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا ہے :’’ اور ہمارے پاس ہر چیز کے خزانے ہیں اور ہم اسے ایک متعین اندازے سے اتارتے ہیں۔‘‘ (سورۂ حجر:21)
ایک فرض کے بارے میں : والدین کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا
قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرو‘‘۔(سورۂ بقرہ :83) فائدہ:والدین کتنی مشقت و محنت سے بچوں کی پرورش کرتے ہیں، اس لیے والدین کے ساتھ اچھائی کا معاملہ کرنا اور ان کی ضروریات کو اپنی طاقت اور حیثیت کے مطابق پوری کرنا ضروری ہے۔
ایک سنت کے بارے میں : ظہر سے پہلے کی چار رکعت سنت مؤکدہ ہے
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ سرور کائنات ظہر سے پہلے چار رکعت اور فجر سے پہلے دو رکعت کبھی نہیں چھوڑتے تھے۔ (بخاری : 1182 )
اقوال زریں
جو شخص اپنے لئے خزانہ جمع کرتا ہے ، وہ خدا تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ غریب ہے اور ایک بے سرو سامان مفلس خدا تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ دولتمند ہے۔(حضرت عیسیٰ علیہ السلام)