حکومت اکیلے کھیلوں کو نہیں چلا سکتی ہے : گوئل

نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزیر کھیل وجے گوئل نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ حکومت اکیلے کھیلوں کو نہیں چلا سکتی ہے اور اس کیلئے کارپوریٹ دنیا کو آگے آنے کی ضرورت ہے .گوئل نے ‘اولمپکس اور کارپوریٹ انڈیا کا کردار’ پر ایسوچیم کی کانفرنس میں کہا کہ ہم کارپوریٹ دنیا کو کھیلوں کو چلانے کے لئے دعوت دیتے ہیں۔کارپوریٹ دنیا کو چاہیے کہ وہ کھیلوں کو گود لے تاکہ ملک میں کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے ۔حکومت اکیلے کھیل کو نہیں چلا سکتی ہے ۔اس میں کارپوریٹ دنیا کا کردار اہم ہے ۔ہم اپنی طرف سے کارپوریٹ دنیا کو جو تعاون ہو گا وہ دیں گے ۔وزیر کھیل نے کہا کہ ملک میں چھ زون میں 63 گیمز سینٹر ہیں اور کھیلوں کی ترقی کیلئے اتنے سینٹر کافی نہیں ہیں۔انہیں بڑھانے کی ضرورت ہے اور کارپوریٹ کو ایسے سینٹروں کو چلانے میں اپنا تعاون دینا ہوگا۔ریو اولمپکس کا ذکر کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا 120 رکنی دستہ ریو میں اترنے جا رہا ہے ۔کھلاڑیوں کی تیاریوں کے لیے حکومت نے اپنا کام کر لیا ہے ۔کھلاڑیوں کو تربیت اور تجربے کیلئے تمام سہولیات فراہم کی گئیں اور انہیں وقت سے فنڈز دیا گیا۔اب یہ کھلاڑیوں پر ہے کہ وہ اولمپکس میں کیسا مظاہرہ کرتے ہیں۔اولمپکس میں ہندوستان کے تمغہ جیتنے کے امکانات پر وزیر کھیل نے ایک بار پھر کوئی اندازہ لگانے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ آپ تمغہ کے بارے میں نہ پوچھیں ۔میں کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔یہ خدا ہی جانتا ہے کہ ہندوستان کتنے تمغہ جیتے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھ پر اعتماد کر مجھے کھیل کا وزیر بنایا ہے اور میری پوری کوشش رہے گی کہ ان کا اعتماد قائم رہے ۔اس موقع پر موجود پرو باکسر وجیندر سنگھ نے بھی کہا کہ ملک میں باکسنگ کی فیڈریشن نہیں ہے ۔ایسے میں کھیل کا بھلا کس طرح ہوگا۔کچھ وقت پہلے تک مونیٹ گروپ نے باکسنگ کو چلایا تھا اور اس سے پہلے ابھے سنگھ چوٹالہ کی صدارت میں باکسنگ چل رہی تھی۔لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے فیڈریشن کا کوئی وجود نہیں ہے جس کا نقصان باکسر کو اٹھانا پڑا ہے ۔اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت چکے اور حال میں اپنا مسلسل ساتواں پرو باکسنگ مقابلہ جیتنے والے وجیندر نے ہندستان کا اولمپک میں تمغہ امکانات کا اندازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندستانی اس بار بڑے ہوئے حوصلے کے ساتھ ریو میں اتریں گے اور انہیں لگتا ہے کہ ہندستان اولمپکس میں 10 سے 15 تمغہ جیت سکے گا۔