حکومت کا زرعی پیداوار بڑھانے پر ہے زور: رام وچار

پھلواری شریف، 8مئی (پرویزعالم)۔ محکمہ زراعت کے ذریعہ بامیتی، پٹنہ کے آڈیٹوریم میں سوموار کو دو روزہ (08۔09 مئی، 2017) ریاست سطحی خریف ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا افتتاح بہار حکومت کے وزیر زراعت رام وچار رائے نے شمع روشن کرکے کیا۔ تقریب کی صدارت سدھیر کمار، پرنسپل سکریٹری، زراعت، بہار نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کے وزیر زراعت رام وچار رائے نے کہا کہ حکومت کا زرعی پیداوار بڑھانے پر زور ہے ۔ اس کے لئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں سستے داموں پر اعلیٰ درجے کی بیج، معقول کھاد، آبپاشی کے ذرائع کی دستیابی کا مسلسل جائزہ لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مانسون کی اچھی اور بروقت بارش ہونے کا اندازہ ہے جس سے کسانوں کو معقول سینچائی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار 106.30 لاکھ میٹرن ٹن چاول کی پیداوار کا ہدف رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی پیداواروں کو فروغ دینے کے لئے حکومت کئی منصوبوں کو کامیابی سے چلا رہی ہے ۔ریاست میں سرکاری بیج پیداواری شعبوں میں بیجوں کی پیداوار کا پروگرام چلایا جا رہا ہے۔ مکھیہ منتری تیور بیج وستار منصوبہ کے تحت ,378 42 ریونیو گاؤں میں 756 84, مستفید کسانوں کے درمیان 6 (چھ) فی کلو کسان کے مطابق 5,085.36 کوئنٹل اور ارہر کے لئے 28,796 ریونیو گاؤں میں 57,592 کسانوں کے درمیان 2 کلو فی کسان کے مطابق 1,151.84 کوئنٹل آدھار بیج تقسیم کیا جائے گا۔اس موقع پر زرعی ڈائریکٹر ہمانشو کمار رائے نے بتایا کہ خریف، 2017 میں فصلوں کی پیداوار اور پیداوار میں اضافہ اور حکومت کی ترجیح والی اسکیموں کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لئے ورکشاپ کے پہلے دن مختلف موضوعات پر مشورے حاصل کرنے کیلئے ہیڈکوارٹر اور علاقائی افسروں، زرعی یونیورسٹی کے سائنسدانوں، پروگریسو کسانوں کو شامل کیا گیا۔ اس ورکشاپ کے دوسرے دن خریف، 2017 کے لئے انتظامی تیاری پر تبادلہ خیال اور خریف فصلوں سے متعلق تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔