حیدرآباد کی پنجاب پردھماکے دار جیت

حیدرآباد،۸۱اپریل(پی ایس آئی) انڈین پریمیئر لیگ میں منن ووہرا کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود دفاعی چیمپیئن سن رائزرز حیدرآباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کنگز الیون پنجاب کو شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پنجاب نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں بالکل درست ثابت ہوا۔حیدرآباد کی ٹیم نے ڈیوڈ وارنر کی وکٹ پر موجودگی کے باوجود نستاً سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی 50 گیندوں پر اتنے ہی رنز بناتے ہوئے تین وکٹوں سے محروم ہو گئی۔اس موقع پر نیمان اوجھا نے کپتان وارنر کے ساتھ 60 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ تیز رفتاری سے 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔وارنر نے نسبتاً آہستہ آغاز کے بعد اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز اپنایا جس کی بدولت میزبان ٹیم 159 رنز بنانے میں کامیاب رہی، وارنر 54 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور پہلی ہی گیند پر ہاشم آملا کی وکٹ سے محروم ہو گئی۔بھونیشور کمار نے حریف کپتان گلین میکس ویل کو آو¿ٹ کر کے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلا دی جبکہ دوسرے اینڈ سے افغان اسپنرز کی جوڑی محمد نبی اور راشد خان نے مزید تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھتے ہوئے آدھی مہمان ٹیم کو پویلین رخصت کردیا۔اس موقع پر پنجاب کی ٹیم میچ سے تقریباً باہر ہو چکی تھی لیکن منن ووہرا نے اپنی ٹیم کی ڈوبتی ناو¿ کو سہارا دیتے ہوئے تن تنہا میچ پلٹنے کا بیڑا اٹھایا۔ووہرا نے صرف 50 گیندوں پر پانچ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو تقریباً ایک ناقابل یوین فتح سے ہمکنار کرا دیا تھا لیکن بھونیشور کمار نے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔بھونیشور اننگز کے 19ویں اوور میں ووہرا سمیت دو کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے اور اگلے اوور میں سدھارتھ کول نے ایشانت شرما کی وکٹیں بکھیر کر پنجاب کی شکست پر مہر ثبت کردی۔بھونیشور کمار نے صرف 19 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔