دنیا حلال بھی عذاب ہے مگر یہ حرام کی نسبت خفیف ہے ۔ نبی کریم ﷺ

اللہ کی قدرت : مخلوق کو رزق دینا
اللہ تعالیٰ نے دنیا میں جتنی مخلوقات پیدا کی ہیں، ان تمام کو خواہ وہ خشکی میں ہو یا تری میں، جہاں کہیں بھی ہو، بروقت رزق پہنچاتا ہے اور یہ نظام جب سے دنیا قائم ہوئی ہے اس وقت سے لے کر قیامت تک چلتا رہے گا، مگر اس میں نہ کوئی پریشانی اور نہ کوئی تھکن ہورہی ہے، جبکہ انسان چند افراد کی ضروریات زندگی کا انتظام کرنے میں پریشان ہوجاتا ہے، آخر پوری دنیا کے رزق کا انتظام کرنا اللہ کی کتنی بڑی قدرت ہے۔
ایک فرض کے بارے میں : نماز کے لیے مسجد جانا
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’جو شخص صبح و شام (نماز کے لیے) مسجد جاتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں مہمانی کا انتظام فرماتے ہیں جتنی مرتبہ مسجد جاتا ہے اتنی ہی مرتبہ اللہ تعالیٰ اس کے لیے مہمانی کا انتظام فرماتے ہیں ۔‘‘ [بخاری:662 ، عن ابی ہریرہؓ]
ایک سنت کے بارے میں : پانی پینے کا سنت طریقہ
۱) دائیں ہاتھ سے پینا۔ ۲) بیٹھ کر پینا۔ ۳)پانی کو دیکھ کر پینا۔ ۴) بسم اللہ پڑھ کر پینا۔ ۵)تین سانس میں پینا۔ ۶)پینے کے بعد دعا پڑھنا۔