دنیا کی کوئی چیز تیرے پاس نہ ہو لیکن یہ چار چیزیں ہوں تو تجھے ضررنہیں ۔(۱) راست گفتاری،(۲) امانت (۳) خوش خلقی (۴) غذائے حلال ۔ نبی کریم ﷺ

حضور ﷺ کا معجزہ : چاند کے دو ٹکڑے ہوجانا
ایک رات آپ کفار مکہ کو دعوت توحید دے کر اپنے صحابہ کرامؓ کے ساتھ لوٹ رہے تھے کہ راستہ میں ابوجہل اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملا اور اس نے کہا: اگر واقعی تم سچے ہو، تو اپنے اللہ سے کہو چاند کے دو ٹکڑے کردے، ہم تمہارا دین قبول کرلیں گے، آپ نے چاند کی طرف دیکھا چاند دو ٹکڑے ہوگیا، پھر چند لمحوں کے بعد دونوں ٹکڑے مل گئے، اس پر ابوجہل فوراً بولا: اے محمد! واقعی تم جادوگر ہو، تم نے ہماری آنکھ پر جادو کردیا ہے۔ [دلائل النبوۃ لابی نعیم:204]
ایک فرض کے بارے میں : وارثین کے درمیان مال میراث تقسیم کرنا
رسول اللہ نے فرمایا : ’’مال (وراثت) کو کتاب اللہ کے حکم کے مطابق حق والوں کے درمیان تقسیم کرو۔‘‘ [مسلم :4143 ، عن ابن عباسؓ ] فائدہ: اگر کسی کا انتقال ہوجائے اور اس نے مال چھوڑا ہو، تو اس کو تمام حق والوں کے درمیان تقسیم کرنا واجب ہے، بغیر کسی شرعی وجہ کے کسی وارث کو محروم کرنا یا اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے حصے سے کم دینا جائز نہیں ہے۔ [نسائی :2210 ، عن عبدالرحمٰن بن عوفؓ]
ایک گناہ کے بارے میں : یتیموں کا مال کھانا
قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’جو لوگ یتیموں کا مال ناحق کھاتے ہیں، وہ لوگ اپنے پیٹوں میں آگ ہی بھر رہے ہیں اور یہ لوگ عنقریب آگ میں داخل ہوں گے۔ [سورۂ نساء:10]