دھونی ٹاپ آرڈر میں بھی خطرناک : میک کولم

نئی دہلی، 27 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے چوتھے میچ میں ٹاپ آرڈر میں بلے بازی کرنے اور جلد ہی آؤٹ ہونے کے بعد ہو نے والی تمام بحث کے درمیان نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور دھماکہ خیز بلے باز برینڈن میک کولم نے دھونی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹاپ آرڈر میں بھی کافی خطرناک بلے باز ہیں۔میک کولم نے دھونی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ کے ساتھ انہوں نے موہالی میں تیسرے میچ میں چوتھے نمبر پر آکر شاندار بلے بازی کی تھی اور ان کا یہ فیصلہ کہیں سے غلط نہیں تھا۔دھونی نے موہالی میں ہوئے تیسرے میچ میں چوتھے نمبر پر اترتے ہوئے نہ صرف شاندار نصف سنچری لگائی تھی بلکہ وراٹ کے ساتھ سنچری شراکت کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی تھی۔اپنے آبائی میدان رانچی میں چوتھے میچ میں بھی وہ چوتھے نمبر پر اترے لیکن وہ یہاں محض 11 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور بالآخر ہندستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دھونی کے بلے بازی آرڈر میں تبدیلی کرنے کو لے کر ہو رہی تنقید کے درمیان میک کولم نے کہاکہ وراٹ اور دھونی دونوں ہی کافی تجربہ کار ہیں اور انتہائی دباؤ میں تحمل برتنے میں مہارت رکھتے ہیں ۔ وراٹ اور دھونی کی جوڑی کسی بھی ٹیم کے لئے خطرہ پیدا کر سکتی ہے ۔دھونی رانچی میں بھلے ہی رن بنانے میں ناکام رہے ہوں لیکن ان کا فیصلہ کہیں سے بھی غلط نہیں ہے ۔میک کولم نے کہاکہ دھونی شاندار کھلاڑی ہونے کے ساتھ ہی شاندار کپتان بھی ہیں۔وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کی قیادت کرتے ہیں اور کھلاڑیوں میں جوش پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے چوتھے میچ میں بھی اپنے اوپر ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے آرڈرمیں تبدیلی کی۔تاہم وہ یہاں سے بڑا اسکور کرنے سے چوک گئے ۔وہ اب بھی بالکل فٹ ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ آگے بھی ڈھیروں رنز بنائیں گے ۔