دہلی حکومت خواتین کے تحفظ کیلئے پرعزم : بیجل

نئی دہلی، 06 مارچ (یو این آئی) دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت خواتین کے تحفظ کی پابند ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔دہلی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے پہلے دن آج مسٹر بیجل نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خواتین کے تحفظ کی سمت میں خواتین کے لئے مخصوص بسیں اور شام کے وقت ھوم گارڈوں کی تعیناتی سمیت کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین کو اپنی منزل تک پہنچنے میں سہولت کے لئے صبح کے وقت اسپیشل بس خدمات شروع کی گئی ہیں۔ بسوں میں پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی سمت مسلسل آگے بڑھ رہی ہے ۔ دارالحکومت کے غریب اور عام طبقے کو ریلیف دینے کیلئے چار سو یونٹ تک ماہانہ بجلی خرچ کرنے پر نصف شرح پر بجلی مہیا کرانے کی منصوبہ بندی کو مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ حکومت بجلی کی بچت کی سمت قدم اٹھانے کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی کی پیداوار بڑھانے پر زور دے رہی ہے ۔ دارالحکومت میں 65 لاکھ ایل ای ڈی بلب تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ 32 میگاواٹ کی شمسی توانائی پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔ حکومت کی طبی خدمات کے میدان میں اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لوگوں کو ان کے علاقے میں ہی سہولیات فراہم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے ۔ حکومت ایک ہزار محلہ کلینک کھولنے کے مقصد کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ اب تک بڑی تعداد میں ایسے کلینک کھولے جا چکے ہیں اور آئندہ چھ ماہ کے دوران اس مقصد کو حاصل کر لئے جانے کی امید ہے ۔ حکومت کی اس منصوبہ بندی کے دنیا بھر میں ستائش کی جا رہی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل کوفی عنان نے اس کی تعریف کی ہے ۔ آئندہ ایک سال میں 122 پولی کلینک کام کرنے لگیں گی۔مسٹر بیجل نے کہا کہ حکومت بے گھروں کی دقتوں کو دور کرنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے اور 197 رین بسیرے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں بڑھتی آلودگی کو قابو میں کرنے کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔حکومت کا صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی زور ہے ۔لوگوں کو آلودگی سے پاک آب و ہوا مہیا کرانے کی سمت میں قدم اٹھانے کے ساتھ ساتھ ہی حکومت نے آلودگی کی نگرانی کے چھ مراکز کھولے ہیں۔ مستقبل میں ایسے مزید مراکز کھولے جائیں گے ۔ دہلی کو کھلی جگہوں میں رفع حاجت سے پاک بنانے کی سمت میں بیت الخلاء کی تعمیر پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے ۔حکومت کی جانب سے تعلیم، جمنا کو صاف کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کی سمت میں اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سمت میں جو بھی ضروری ہوگا، کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے بعد پانی کی سپلائی کے وزیر کپِل مشرا نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے اس کی حمایت کی۔ پانچ دن کے بجٹ سیشن میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے ساتھ ہی آٹھ مارچ کو 18۔2017 کا بجٹ پیش کئے جانے کی توقع ہے ۔ دہلی کے تینوں کارپوریشنز کے اپریل میں ہونے والے الیکشن کو پیش نظر بجٹ میں کئی اہم اعلانات کئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ کارپوریشنز پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے اور اروند کیجریوال حکومت کے ساتھ مسلسل تنازعہ رہتا ہے ۔ کارپوریشنز کو ملنے والے فنڈ کے سلسلے میں دونوں کے درمیان اکثر تکرار ہوئی۔ مالیاتی بحران کی وجہ سے کارپوریشنز کے صفائی ملازمین نے گزشتہ سال کئی بار ہڑتال بھی کی۔