راج ناتھ سنگھ نے کیا جھارکھنڈ جگوآر کی نئی عمارتوں کا افتتاح

سیکورٹی فورسز کی محنت کو سلام، جلد ختم ہوں گے نکسلی:سی ایم

رانچی (جھارکھنڈ)، 27جون (معیز الدین خان)۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سوموار کو یہاں جھارکھنڈ جگوآر کے ہیڈ کوارٹر میں نئی عمارتوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ رگھوور داس، ایم پی رامٹہل چودھری، ممبر اسمبلی جیتوچرن رام، چیف سیکرٹری راج بالا ورما اور ڈی جی پی ڈی پانڈے سمیت پولیس کے کئی سینئر افسران موجود تھے۔ پروگرام میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جوانوں کا حوصلہ بہت بڑا ہے۔ انہیں نکسلیوں کے خلاف کامیابیاں ملتی رہی ہیں اور ملیں گی بھی۔انہوں نے کہا کہ جب جب انکاؤنٹر میں نوجوان شہید ہوتے ہیں تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔ راج ناتھ نے کہا کہ نکسلی اپنے اصول سے بھٹک گئے ہیں اور یہ ترقی مخالف بن چکے ہیں۔جھارکھنڈ جلد ترقی یافتہ ریاست بنے گا۔جھارکھنڈ جگوآر کو ہر ممکن مدد دی جائے گی۔ جھارکھنڈ سے جلد نکسلیوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہیں کیرالہ کے بعد سب سے خوبصورت ریاست جھارکھنڈ لگتا ہے۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا کہ ریاست میں نکسلی واقعات میں کافی کمی آئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے یہاں خوب محنت کی ہے۔ کئی علاقے کو نکسلیوں سے آزاد کرایا گیا ہے۔ جھارکھنڈ پولیس نکسلیوں کے خلاف بہتر کام کر رہی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے رانچی کے ٹینڈرگرام میں نو تعمیر شدہ جھارکھنڈ جگوآر کے انتظامی عمارت، گیسٹ ہاؤس اور 225 بیڈیڈ بیرک کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہاں اسلحہ خانہ، پریڈ گراؤنڈ، انٹرنل سڑکیں اور پانی ٹنکی کا بھی افتتاح کیا۔یہاں ان عمارتوں کی تعمیر جھارکھنڈ پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ نے کی ہے۔