راج ناتھ نے سیلاب سے متاثرہ آسام کا کیا فضائی سروے

گوہاٹی، 30 جولائی (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ آسام کی سنگین صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہر ممکن مرکزی مدد مہیا کرانے کا آج یقین دلایا۔ مسٹر سنگھ نے موریگاؤں ضلع میں ایک امدادی کیمپ کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے کہا، “آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے ۔ میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ مرکز آسام کو تمام طرح کی ضروری مدد فراہم کرائے گا۔ ” مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کے ساتھ مسٹر سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ موریگاؤں، ناگاؤں اور کاجی نگا اضلاع کا فضائی سروے کیا۔انھونے موریگاؤں ضلع کے ایک امدادی کیمپ میں رہ رہے لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے دوران مسٹر راج ناتھ سنگھ کے ساتھ وزیر اعلی سربانند سونووال، وزیر صحت ھمنت بسو شرما اور آبی وسائل کے وزیر کیشو مہنت بھی تھے ۔ ریاست کے اپنے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے وزیر اعلی اور ریاستی حکام کے ساتھ میٹنگ بھی کی ۔ ریاست میں سیلاب سے 22 اضلاع کے 16 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں اور اس سے 20 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔