راج کشور کی شہادت پر وزیراعلیٰ کا اظہار غم،11 لاکھ دینے کا اعلان

پٹنہ 30 ستمبر(اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جموں وکشمیر کے اڑی دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے بہار ریجیمنٹل سنٹر کے بہار سے ہی تعلق رکھنے والے نائک راج کشور سنگھ کے دہلی میں علاج کے دوران موت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید راج کشور سنگھ کے قریبی ورثا کو ریاستی حکومت کی طرف سے 11 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا۔ شہید راج کشور سنگھ کی آخری رسوم بھوجپور ضلع انتظامیہ کے ذریعہ پورے اعزاز کے ساتھ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کی طرف سے ریاست کے وزیر بھی موجود رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے شہید راج کشور سنگھ کی شہادت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچے محب وطن تھے اور ان کی شہادت کو بھارت کبھی نہیں فراموش کرپائے گا اور ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ویر سپوت راج کشور کی شہادت پر ان کے اہل خاندان کو دکھ کی اس گھڑی میں صبر سے کام لینے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ پورا بہار شہید پریوار کے ساتھ ہے۔