راہل کی سنچری، ہندستان کی دھماکہ خیز جیت

ہرارے ، 11 جون (یو این آئی) جسپریت بمراہ (28 رن پر چار وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے بعد اپنا پہلا ون ڈے کھیل رہے اوپنر لوکیش راہل کی ناٹ آؤٹ 100 رنز کی اننگز کی بدولت ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے تجربہ کار کپتان مہندر سنگھ دھونی کے قیادت میں زمبابوے کے دورے کا دھماکہ خیز آغاز کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میں ہفتہ کو نو وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستانی گیند بازوں نے کپتان دھونی کے پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے زمبابوے کو 49.5 اوور میں محض 168 رنز پر لپیٹ دیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے اگرچہ سست آغاز کیا اور ڈیبو میچ کھیل رہے کر ونانائر کا وکٹ 11 کے اسکور پر گنوا دیا لیکن اس کے بعد راہل (ناٹ آؤٹ 100) اور امباتی رائیڈو (ناٹ آؤٹ 62) نے ہندوستان کو فتح کی منزل پر پہنچا دیا ۔ہندستان نے 42.3 اوور میں ایک وکٹ پر 173 رنز بنائے ۔راہل نے جیت کا چھکا مار کر نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ ہندوستان کو شاندار جیت بھی دلا دی۔راہل نے اس طرح پہلے ون ڈے میں ہندستان کی جانب سے سب سے زیادہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔راہل نے 115 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رنز کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔انہوں نے جیت کا چھکا مارنے کے بعد جیت کا بگل بجادیا ۔ وہ اپنے پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ۔..راہل اور رائیڈو نے دوسرے وکٹ کے لئے 38 اوور میں 162 رن کی میچ فاتح شراکت کی۔ راہل نے 115 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 100 رن اور رائیڈو نے 120 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 62 رنز بنائے ۔راہل نے اپنی میچ فاتح اننگز کے ساتھ کسی ہندستانی بلے باز کا ڈیبو میچ میں سب سے زیادہ اسکور بھی بنا دیا۔انہوں نے رابن اتھپا کا 2006 میں انگلینڈ کے خلاف 86 رن بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔رائیڈو نے بھی اپنے نام ایک کامیابی حاصل کر لی۔انہوں نے ون ڈے میں 1000 رنز مکمل کر لیے ۔رائیڈو نے یہ ہندسہ تک پہنچنے کے لئے 29 اننگز کھیلی اور اس ریکارڈ تک پہنچنے والے وہ مشترکہ طور پر چوتھے ہندستانی بلے باز بن گئے ۔کپتان دھونی نے بھی 29 اننگز میں 1000 رنز مکمل کئے تھے ۔ہندستان نے اس میچ میں تین کھلاڑیوں لوکیش راہل، کر ونانائر اور یجویندر چہل کو اپنا ون ڈے کیریر شروع کرنے کا موقع دیا۔راہل اور نائر کی جوڑی جب ہندستانی اننگز کی شروعات کرنے میدان پر اتری تو 1976 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب دو ڈیبو کر رہے بلے بازوں نے اوپننگ کی شروعات کی۔1976 میں پارتھا سارتھی شرما اور دلیپ وینگسرکر نے کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میں اوپننگ کی تھی۔
سائنا فائنل میں
سڈنی، 11 جون (یو این آئی) دنیا کی آٹھویں نمبر کی کھلاڑی ہندستان کی سائنا نہوال نے اپنے فاتح کارکردگی کو بخوبی آگے بڑھاتے ہوئے سات لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم والے آسٹریلین بیڈمنٹن اوپن میں ہفتہ کو خواتین سنگلز کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔لیکن مرد کھلاڑی کندامبي سری کانت کا سفر سیمی فائنل میں شکست کے ساتھ ختم ہو گیا۔