رگھوور داس سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے پہنچے امریکہ

رانچی، 27 ستمبر (معیز الدین خان): جھارکھنڈ کو سرمایہ کاروں کی پسند بنانے کی مہم پر نکلے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس اور ان کی ٹیم یو ایس اے کے لاس وگاس شہر میں منعقد مائننگ اکسپو 2016 میں شرکت کرنے پہنچی ہے۔ مائننگ اکسپو 2016 میں وزیر اعلیٰ اور ان کے نمائندہ وفد نے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو جھارکھنڈ میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا اور ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کیا۔ مائننگ اکسپو 2016 کے جھارکھنڈ پویلین میں رگھوور داس اور ان کے نمائندہ وفد کی ملاقات جی ای مائننگ شکاگو کے چیف اکزکیوٹیو افسر اسٹاک فلیپس ، ہولی ڈیز برگ پنسل وانیا،امریکہ کے چیف اکزکیوٹیو افسر سین میکلاناہن اور کیٹر پلر پرائیویٹ لمٹیڈ کے بزنس ہیڈ راہل جین سے ہوئی۔گفت وشنید کے دوران کیٹرپلر پرائیویٹ لمٹیڈ کے راہل جین نے جھارکھنڈ حکومت کو آدتیہ پور میں کان کنی آلات ،مشینری کے قیام کی تجویز پیش کی۔ اس موقع سے وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا کہ جھارکھنڈ صنعتی فروغ کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے اور اپنی صلاحیتوں اور موجود وسائل سے ملک و غیر ملک کے سرمایہ کاروں کو جھارکھنڈ میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 40 فیصد معدنیات ، 27 فیصد کوئلہ اور 26 فیصد لوہا و دیگر معدنیاتی اشیا سے بھرپور جھارکھنڈ میں سرمایہ کاروں کیلئے وسیع تر امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائننگ اکسپو جیسے عالمی انعقاد میں جھارکھنڈ کی شراکت سے ریاست مستفید ہوگا۔