رینکنگ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی لمبی چھلانگ

نئی دہلی، 4 اپریل (یو این آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ اس سال قومی رینکنگ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں 83 ویں مقام سے 12 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔جامعہ کی میڈیا کوآرڈنیٹر صائمہ سعید نے آج یو این آئی کو بتایا کہ رینکنگ میں اتنی اونچی چھلانگ کسی نے نہیں لگائی۔ جب گزشتہ سال ملک میں اعلی تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کا اعلان ہوا تو یونیورسٹیوں کے زمرے میں اس کا مقام 100 میں 83 واں تھا۔ تب یونیورسٹی انتظامیہ نے وزارت ترقی انسانی وسائل میں اپنا اعتراض بھی درج کیا تھا اور درجہ بندی کے معیار میں تکنیکی خرابی بتائی تھی۔انہوں نے کہاکہ “گزشتہ سال ہم نے اپنا دعوی بھی درست طریقے سے پیش نہیں کیا تھا، پہلے سال مختلف ویب سائٹوں پر ہماری یونیورسٹی کی معلومات تین ناموں سے درج ہوئی تھی، اس لئے صحیح معلومات وزارت کو نہیں ملی۔ اس بار ہم نے اسے ٹھیک کر لیا اور ہم 71 پوائنٹس اوپر آگئے “۔گزشتہ سال یونیورسٹی نے وزارت کو اپنی رپورٹ بھی دی تھی۔ اس سال کی درجہ بندی کی دو مزید زمرے جوڑ ے گئے اور مجموعی زمرے میں جامعہ کو 20 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ انجینئرنگ کالجوں کے زمرے میں بھی جامعہ کو 20 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔رینکنگ کے تعین کے لئے گزشتہ سال حکومت نے پانچ معیار بنائے تھے ۔ تمام معیاروں میں کے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس 100 تھے ۔ گزشتہ سال جامعہ کو درس و تدریس کے وسائل میں 24.13 فیصد پوائنٹس ملی جبکہ اس سال 58.98 پوائنٹس ملی ہیں۔ اسی طرح تحقیق وغیرہ میں گزشتہ سال 53.54 پوائنٹس ملی تھیں، تو اس سال 27.99 پوائنٹس ملی ہیں۔ گریجویٹ طالب علموں کی نوکری اور پی ایچ ڈی میں گزشتہ سال 100 پوائنٹس ملی تھیں تو اس بار 81.3 پوائنٹس ملی ہیں۔ پرسپشن یعنی لوگوں کے درمیان انسٹی ٹیوٹ کی شبیہ کے معاملے میں جامعہ ملیہ کو گزشتہ سال 64 پوائنٹس ملی تھیں، تو اس بار 90.73 پوائنٹس ملی ہیں۔