زخمی مرلی وجے دوسرے ٹیسٹ سے باہر

کنگسٹن، 30 جولائی (یو این آئی) کیریبین دورے میں پہلا ٹیسٹ جیت کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کرنے والی ٹیم انڈیا کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ٹیم کے اسٹار اوپنر مرلی وجے چوٹ کی وجہ سے سیریز کے دوسرے میچ سے باہر ہو گئے ۔ہندستان پہلا میچ جیت کر چار میچوں کی سیریز میں 1۔0 سے آگے ہے ۔وجے کو پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن شینون گیبریل کی گیند پر انگوٹھے میں چوٹ لگی تھی۔ان کی جگہ اب کے ایل راہل کو موقع ملنے کی پوری امید ہے ۔راہل نے ویسٹ انڈیز میں دونوں پریکٹس میچوں میں نصف سنچری لگائی تھیں ۔سبینا پارک کی تیز گیند بازوں کی مددگار پچ کو دیکھتے ہوئے یہ مانا جا رہا تھا کہ ہندوستان اضافی بلے باز کے ساتھ میدان میں اتر سکتا ہے لیکن کپتان وراٹ کوہلی نے اشارہ دیا کہ پانچ گیند بازوں کی حکمت عملی جاری رہے گی۔وراٹ نے کہا ہے کہ ٹیم میں دو اسپنر ضروری ہیں۔قابل ذکر ہے کہ وجے نے 38 ٹیسٹ میچوں میں 40.56 کی اوسط کے ساتھ 2637 رنز بنائے ہیں۔انہوں نے چھ سنچری اور 12 نصف سنچری لگائی ہیں۔دوسری طرف ویسٹ انڈیز نے اس میچ کے لئے 19 سالہ نوجوان تیز گیند باز الجاري جوزف کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ایسا مانا جا رہا ہے کہ گھریلو ٹیم اس میچ میں جوزف کے علاوہ میگوئل کمنز کو بھی حتمی الیون میں شامل کر سکتی ہے ۔