سابق سکریٹری شری نیواس تیواری گرفتار

دالت نے روبی رائے کو نابالغہ مانا،بیورجیل سے نکال کر ریمانڈ ہوم بھیجنے کا حکم،اسکروٹنی میں زیادہ نمبر لانے والوں کا بھی ریزلٹ روکا گیا
پٹنہ 04 جولائی(طارق حسن): انٹر گھوٹالے میں ایس آئی ٹی کی ٹیم کو سوموار کے روز اس وقت بڑی کامیابی ملی جب ٹیم نے بہار بورڈ کے سابق سکریٹری شری نیواس چندر تیوار ی کو گرفتار کرلیا۔ شری نیواس تیواری پر قاعدے قانون کو بالائے طاق رکھ کر بہار بورڈ میں بحالی کرنے اور کالجوں کو غلط طریقے سے الحاق دینے اور ملازمین کا ٹرانسفر کرنے کا الزام ہے۔ پٹنہ کے سینئر ایس پی منومہاراج نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ٹاپرس گھوٹالے میں یہ 23 ویں گرفتار ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولس کو بورڈ کے چیئرمین سے پوچھ گچھ کے بعد پتہ چلا کہ شری نیواس تیواری بھی اس گھوٹالے میں اہم کردار نبھارہے تھے۔ شری نیواس تیواری ناجائز طریقے سے پیسے کے لین دین کے ذریعہ انیل کمار نامی ٹیچر کو پرائیویٹ سکریٹری بنادیا تھا۔ وہ بھی اس معاملے میں جیل میں ہے۔ شری نیواس کی گرفتاری کے بعد اس گھوٹالے کے کچھ اور پوشیدہ راز سامنے آسکتے ہیں اور مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔ اس معاملے میں آج بہار بورڈ کے سابق چیئرمین اور گھوٹالہ کے ماسٹر مائنڈ لال کیشور پرساد اور ان کی اہلیہ اوشا سنہا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوسری طرف سے آرٹس کی فرضی ٹاپر روبی رائے کو نابالغ قرار دیتے ہوئے عدالت نے اسے بیورجیل سے ریمانڈ ہوم بھیج دیا۔ریزلٹ گھوٹالے کا بھوت بہار بورڈ کے سر سے اترنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ابھی ریزلٹ میں گڑبڑی کی جانچ چل ہی رہی ہے کہ اسکروٹنی میں بڑھے نمبروں نے بورڈ افسران کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ کئی امیدواروں کے نمبر دوگنا تک بڑھ جانے پر ان کا ریزلٹ روک دیا گیا ہے۔ اکزامنیشن بورڈ نے حال ہی میں انٹر سائنس کی کاپیوں کی اسکروٹنی ریاست کے 72 مراکز پر کرائی تھی۔ اسکروٹنی میں کئی امیدواروں کے نمبر میں ڈیڑھ سے دوگنا کا اضافہ ہوگیا۔ ایسے امیدواروں کی تعداد 50 سے زیادہ ہے۔ جن کے نمبروں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ پہلی نظر میں جیسے ہی نمبروں میں گڑبڑی نظر آئی بورڈ نے اس پر فوری روک لگا دی ہے۔ بورڈ اب پوری جانچ کے بعد ہی اسکروٹنی والے بچوں کا ریزلٹ جاری کرے گا۔ بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے بتایا کہ اسکروٹنی کے دوران نمبروں میں اضافہ سے شک ہورہا ہے۔ شک کے دائرے میں آنے والے امیدواروں کے ریزلٹ فی الحال روک دیئے گئے ہیں۔ بورڈ نے وشنو رائے کالج کے ریزلٹ پر پہلے ہی روک لگا دی ہے۔ پورے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرائی جارہی ہے۔ ایس آئی ٹی نے پہلے مرحلے میں وی آر کالج کے امتحان اور کاپیوں کی جانچ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے اشارے دیئے ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ ایس آئی ٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد اکزام رد بھی کرسکتا ہے۔