سارے کام گاؤں والوں کو دیں، وہی کریں گے: وزیر اعلیٰ

وزیر اعلیٰ کے’سیدھی بات‘ پروگرام میں عوام نے رکھے مختلف مسائل، متعلقہ افسروں کو دیا گیا ازالہ کا حکم

رانچی، 3مئی (معیز الدین خان)۔ وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا کہ سارے کام گاؤں والوں کو دیجئے، وہی کام کریں گے، ریاست میں جتنے بھی غیرمکمل منصوبے ہیں، ان کی موجودہ صورتحال کو دیکھیں اور انہیں مکمل کرنے پر زیادہ توجہ دیں، انجینئروں پر ہی منحصر نہ رہیں۔آج سوچنا بھون میں منعقدہ سیدھی بات پروگرام میں موصوف اظہار خیال کر رہے تھے۔ رام گڑھ کے سکنی گاؤں کے اجے جیسوال نے شکایت کی کہ پنچایت بھون کی تعمیر گذشتہ پانچ سالوں سے غیرمکمل ہے، اس پر وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے مذکورہ باتیں کہیں۔ ساتھ ہی قصوروار انجینئروں سے وضاحت طلب کرنے کا بھی حکم دیا۔ پلامو کے پانکی واقع تروا ڈیہہ کے رنجیت کمار سنگھ کی شکایت تھی کہ اس سے محکمہ پینے کا پانی و صفاء کے لوگوں نے کام تو کرایا مگر مزدوری نہیں دی۔ اس پر وزیراعلیٰ نے محکمہ کے افسران سے جانچ کر مزدوری کی ادائیگی کا حکم دیا۔ سمڈ یگا کے کلد یپ کنڈو نے رین بسیرا کے متعلق شکایت کی، جس پر وزیراعلیٰ نے سمڈیگا کے ڈی سی کو نئی اسکیم بناکر اسے نظم کرنے کا حکم دیا۔ بوکارو کے گومیا واقع مہوا ٹانڈ کے منشی مہتو کی شکایت تھی کہ اس نے ایس ایس بی کیمپ مہوا ٹانڈ تھانہ کے کہنے پر سال 2014 کے انتخاب کے دوران جنریٹر لگایا تھا جسکا بل تقریباً پونے تین لاکھ ہوا مگر اسکی ادایگی نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے سامنے ایس پی بوکارو نے منشی مہتو کو جلد رقم ادائیگی کی بات کہی اور یہ بھی بتایا کہ انکا چیک بن گیا ہے۔ بوکارو، چاس کے سنجیو کمار داس کی زمین سے متعلق معاملے پر وزیراعلیٰ نے ڈی سی کو معاملہ کے فوری ازالہ کرنے کا حکم دیا اور معاوضہ کی ادائیگی پر بھی بات کی۔ چترا کے امیش کمار کی شکایت تھی کہ انکے گاؤں میں بجلی نہیں ہے، پہلے سی سی ایل کے ذریعہ بجلی دی جاتی تھی جو بند کر دی گئی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ کے افسران کو حکم دیا کہ سی سی ایل والوں سے بات کر گاؤں میں بجلی مہیا کرانے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی انہیں ایک ماہ کے اندر بجلی کے مسئلہ سے نجات دلا ئیں۔ دیو گھر کے بیراج پور کے گنیش چندر مشر کی زمین سے متعلق شکایت پر وزیراعلیٰ نے ڈی سی کو حکم دیا کہ اس کام کے لئے ایس ڈی او کو لگا ئیں۔ دیوگھر کے انیل کمار جھا کی شکایت تھی کہ مد ھو پور کالج کے پر نسپل نے اسے نکال دیا ہے، جس پر وزیر اعلیٰ نے پر نسپل سے کام پر بحال کرنے کا حکم دیا، ساتھ ہی اطمینان بخش کام نہیں کرنے پر کاررواء کرنے کا بھی حکم دیا۔ اسی طرح دھنباد کے امر جیت پرساد ، کوڈرما کے سکندر روی داس، رانچی کے انیل تیواری، دیوگھر کے کرتی مایا کا بھی معاملہ اس پروگرام میں سامنے آیا جن کے مسائل کا حل وزیر اعلیٰ نے نکالا۔