ساکشی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 5میں پہنچی

نئی دہلی،12ستمبر ( آ ئی این ایس انڈیا)ریو اولمپکس میں کانسی تمغہ کی بدو لت ساکشی ملک نے تازہ تر ین یوڈبلیو ڈبلیو(متحدہ عا لمی کشتی)درجہ بندی میں ٹاپ 5 میں جگہ بنا لی ہے اور اب خواتین 58کلو گر ام زمرے میں کیریئر کی بہتر ین چوتھے نمبر پر ہیں۔اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون پہلوان بنی ساکشی کو اس سے پہلے کوئی درجہ بندی حاصل نہیں تھی۔اولمپکس کے دوران کوارٹر فائنل میں گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے باہر ہوئی ایک دوسری ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش فوگاٹ 48کلوگرام زمرے میں دو مقام کے فائدے سے 11ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔مرد فری اسٹائل میں سندیپ تومر اور بجرنگ پونیا ہی ہندوستانی پہلوانوں میں ٹاپ 20میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔اولمپکس میں ابتدائی دور میں ہی ہار کر باہر ہوئے سندیپ 57کلوگرام زمرے میں 15ویں جبکہ بجرنگ 61کلوگرام زمرے میں 18ویں نمبر پر ہیں۔