سخی گنہگار اﷲتعالیٰ کے نزدیک بخیل عابد سے اچھا ہے ۔ نبی کریم ﷺ

حضور ﷺ کا معجزہ : دعا کی قبولیت
حضرت ابو ہریرہؓ نے ایک دن رسول اللہ سے عرض کیا : ’’میں آپ سے بہت سی حدیثیں سنتا ہوں، لیکن بھول جاتا ہوں، تو رسول اللہ نے فرمایا:’’اپنی چادر پھیلاؤ، میں نے اپنی چادر پھیلائی، تو آپ نے ہاتھ سے ایک لپ اس میں ڈالا اور فرمایا: اپنے بدن سے لگالو، میں نے اپنے بدن سے لگایا، اس روز سے میں آپ کی کوئی حدیث نہیں بھولا‘‘۔ [بخاری:3648 ]
ایک فرض کے بارے میں : نماز کا درجہ
رسول اللہ نے فرمایا : ’’جس کا وضو نہیں، اس کی نماز نہیں اور جو نماز نہ پڑھے، اس کاکوئی دین نہیں؛ نماز کا درجہ دین میں ایسا ہے، جیسے سرکا درجہ بدن میں ہے: یعنی جس طرح سر کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، اسی طرح نماز کے بغیر دین زندہ نہیں رہ سکتا۔‘‘ [ترغیب و ترھیب :518 ، عن ابن عمرؓ ]
ایک سنت کے بارے میں : شب قدر کی دعا
حضرت عائشہؓ نے عرض کیا : یا رسول اللہ ! اگر مجھے معلوم ہوجائے کہ شب قدر کونسی ہے تو اس رات میں کیا دعا کروں؟ رسول اللہ نے فرمایا:’’ یہدعا کرنا: (اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفْوُّٗ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ) ترجمہ : اے اللہ! بے شک تو معاف کرنے والا ہے اور معاف کرنے کو پسند کرتا ہے، لہٰذا مجھے بھی معاف فرمادے‘‘۔[ترمذی :3513]