سدھو راجیہ سبھا سے مستعفی، آپ میں جانے کاامکان

نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) راجیہ سبھا کے نامزد رکن نوجوت سنگھ سدھو نے ایوان کی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے جس سے ان کے عام آدمی پارٹی (آپ) میں شامل ہونے کے قیاس آرائی تیز ہو گئی ہے ۔راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین پی جے کوریئن نے ایوان میں بتایا کہ مسٹر سدھو نے استعفی دے دیا ہے جسے چیئرمین حامد انصاری نے منظور کر لیا ہے ۔ انہوں نے گذشتہ 28 اپریل کو راجیہ سبھا رکن کے طور پر حلف لی تھی۔کرکٹر سے لیڈر بنے مسٹر سدھو 2004 سے 2014 تک لوک سبھا میں امرتسر سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ سال 2014 میں مسٹر ارون جیٹلی کے امرتسر سے الیکشن لڑنے کی وجہ سے انہیں پارٹی کا ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔اس کے بعد سے وہ پارٹی سے ناراض چل رہے تھے ۔ پارٹی کی جانب سے اسی سال انہیں راجیہ سبھا میں نامزد رکن کے طور پر بھیجا گیا تھا۔مسٹر سدھو نے استعفی کے بعد ایک بیان میں کہا، ‘پنجاب کا مفاد میرے لئے سب سے اہم ہے ۔ غلط اور صحیح کی لڑائی میں کوئی غیر جانبدار نہیں رہ سکتاْ۔ میں خودغرض نہیں بن سکتا’۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے کہنے پر پنجاب کی بھلائی کے لئے راجیہ سبھا میں آئے تھے لیکن پنجاب کے لئے کوئی راستہ نہیں نظر آنے پر یہ مقصد ہی ناکام ہو گیا۔ اب یہ ان کے لئے ایک بوجھ تھا اس لئے انہوں نے یہ بوجھ اور نہ ڈھونے کا فیصلہ کیا’۔مسٹر سدھو کی بیوی نوجوت کور سدھو پنجاب اسمبلی کی رکن ہیں اور انہوں نے کچھ ماہ پہلے استعفی دینے کا اعلان کیا تھا لیکن بی جے پی لیڈروں نے انہیں منا لیا تھا۔ مسٹر سدھو اور ان کی بیوی پنجاب میں بی جے پی کے اکالی دل سے اتحاد کے بھی خلاف بولتے رہے ہیں۔