سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کا بی جے پی سے استعفیٰ

چنڈی گڑھ 08 اکتوبر (ایجنسی): سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ ڈاکٹر نوجوت کور سدھو نے بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے شوہر نوجوت سنگھ سدھو پہلے ہی بی جے پی چھوڑ چکے ہیں۔ ان کے استعفیٰ کے کافی دنوں سے قیاس لگائے جارہے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی ہیڈ وجئے سامپلا نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ چرچہ ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو بھی ایک دو دن میں اپنے بارے میں کوئی بڑا اعلان کرسکتے ہیں اور ان کی اگلی سیاسی حکمت عملی کا خلاصہ ہوسکتا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ کانگریس کا رخ کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر نوجوت کور سدھو امرتسر سے ایم ایل اے ہیں اور بادل حکومت میں چیف پارلیمانی سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کافی عرصے سے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اوران کے بیٹے ونائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل کے خلاف کھلے عام بولتی رہی ہیں اور وہ اور ان کے شوہر نوجوت سنگھ سدھو بی جے پی میں رہتے ہوئے پارٹی کے اکالی دل سے اتحاد ختم کرنے کی مہم چلائے ہوئے تھے۔