سرکاری اور پرائیویٹ صحت خدمات کے درمیان کا فاصلہ ختم ہوگا:راج ناتھ

نئی دہلی، 03 دسمبر (یو این آئی) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کی طبی سہولیات کو عالمی سطح کا بنانے کے لئے سرکاری اور پرائیویٹ صحت خدمات کے درمیان کا فاصلہ ختم کرنے کی پرزور تیاری ہو رہی ہے ۔مسٹر سنگھ آج یہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے 44 ویں تقسیم اسناد تقریب کے موقع پر بول رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں صحت کی خدمات کے معیار کو پرائمری سے لے کر ہر سطح پر عالمی معیار کا بنایا جائے ۔ اس کے لئے سرکاری اور نجی شراکت داری کا ماڈل اپنایا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی اعلی سطح کی میڈیکل تعلیم کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کیا جا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کے مدنظر سبھوں کے لئے معیار ی صحت خدمات دستیاب کرانا اگرچہ ایک بڑا چیلنج ہے ، تاہم اس راستے کی کئی رکاوٹیں پار کی جا چکی ہیں لیکن کچھ اب بھی باقی ہیں جن میں سے ملیریا کے مرض پر کنٹرول کرنا اہم ہے ۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے کہاکہ ملک میں سب کے لئے سستی شرح پر بہتر علاج فراہم کرانا آج وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے جس کے لئے صحت کے شعبہ میں اختراعات کو فروغ دینا بہت ضروری ہے ۔جدت طرازی کے لیے اعلی سطحی میڈیکل تعلیم کا انتظام کرنا ضروری ہے جو ایمس جیسے اداروں کی توسیع کرکے ہی ممکن ہے ۔ اس لئے حکومت نے اس پر خاص زور دیا ہے ۔ ملک میں چھ ایمس شروع کئے جا چکے ہیں اور 12 نئے ایسے ادارے ملک کے مختلف حصوں میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ دہلی ایمس کی صلاحیت آئندہ دو برسوں میں دوگنا کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔تقسیم اسناد کی تقریب میں مسٹر نڈا کی جانب سے 693 میڈیکل کے طالب علموں کو ڈگریاں پیش کی گئیں اور کچھ کو تاحیات خدمات کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر دہلی ایمس کے ڈائمنڈ جوبلی سال کے موقع پر ایک یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔