سرکاری فنڈ سے وکیل کی فیس نہیں دے سکتے کجریوال : جاوڈیکر

نئی دہلی، 4 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہاکہ عام آدمی پارٹی (آپ) لیڈر اروند کیجری وال کو ہتک عزت کے معاملے میں وکیل کی فیس کی ادائیگی دہلی حکومت کے فنڈ سے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔مسٹر جاوڈیکر نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ‘ہتک عزت کا معاملہ ایک نجی معاملہ ہے۔ یہ معاملہ دہلی حکومت کے خلاف نہیں ہے لیکن اس معاملے میں دہلی حکومت کے فنڈ سے وکیلوں کے پیسے دیئے جا رہے ہیں۔ یہ لوٹ ہے۔’ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی کے نجی معاملے میں وکلاء کی فیس کے طور پر ایک بڑی رقم اد کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کیجری وال کے خلاف ہتک عزت کے سات مقدمے ہیں۔ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے دہلی کے وزیر اعلی کے خلاف 10 کروڑ روپئے کا ہتک عزت معاملہ دائر کیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا ‘مسٹر جیٹلی نے اپنے معاملے میں قانونی اور اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی اپنی جیب سے چیک کے ذریعہ کیا ہے’۔واضح رہے کہ مسٹر کیجری وال قانونی لڑائی کیلئے اپنی جانب سے معروف وکیل رام جیٹھ ملانی کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔