سرکاری ملازمین کے لئے اچھی خبر، اگست میں ملے گا مکمل ایرئی

Posted on: Jul 29, 2016 11:36 PM IST | Updated on: Jul 29, 2016 11:38 PM IST

روزنامہ تاثیر 29 جولائ 2016

نئی دہلی : سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر ہے ۔ انہیں 7 ویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق اگست میں ملنے والی تنخواہ کے ساتھ ہی ایرئیر کی بھی بیک وقت ادائیگی کی جائے گی ۔ حکومت پہلے ہی 7 ویں پے کمیشن کی سفارشات کو نافذ کر چکی ہے ۔ اس کے مطابق سرکاری ملازمین کی بیسک سیلری میں 2.57 گنا اضافہ ہو جائے گا ۔ سرکاری ملازمین اور پنشن یافتگان کی کل تعداد تقریبا ایک کروڑ ہے ۔ پے کمیشن کی سفارشات یکم جنوری 2016 سے عمل میں آئیں گی ۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ یکم جنوری 2016 سے دی جانے والی نئی تنخواہ ڈھانچے میں 125 فیصد کا مہنگائی بھتہ شامل ہوگا ۔ نئی سیلری سلیب کے ساتھ مہنگائی بھتے کی پہلی قسط کے بارے میں اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔ وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جی پی ایف اور این پی ایس کی مد میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے یکم جنوری 2016 سے لے کر اب تک کے ایریئر کی ادائیگی اگست کی تنخواہ کے ساتھ کر دی جائے گی

اس درمیان ہریانہ حکومت نے بھی کہا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی طرز پر ہی 7 ویں پے کمیشن کو ریاست میں نافذ کرے گی ۔ ریاست کے وزیر خزانہ ابھیمنیو سنگھ نے یہ معلومات دی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے قائم ایک کمیٹی مادھون کمیٹی کی سفارشات کا مطالعہ کر رہی ہے ۔ ریاستی ملازمین کے وسیع مفاد میں اسے بھی عمل میں لایا جائے گا