سرکاری پروگراموں کے نفاذ کیلئے مودی ،حکام کو نوازیں گے

نئی دہلی، 28؍اگست(آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیاجیسے این ڈی اے حکومت کے ترجیحی پروگراموں کو نافذ کرانے میں اچھی کارکردگی کے لیے مرکز اور ریاستی دونوں حکام کوایوارڈ سے نوازیں گے۔پرسنل وزارت نے اس مقصد سے پانچ ترجیح والے پروگراموں کو منتخب کیا ہے جن میں وزیر اعظم زرعی آبپاشی اسکیم ، دین دیال اپادھیائے گرام جیوتی اسکیم ، وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم ، ا سٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا اور ای- قومی زرعی مارکیٹ شامل ہیں۔وزیر اعظم زراعت آبپاشی اسکیم کاشت کاری کے لیے آبپاشی کے علاقے کو وسیع کرنے اور پانی کے استعمال کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ہے، وہیں دین دیال اپادھیائے گرام جیوتی اسکیم کا مقصد دیہی علاقوں میں بجلی پہنچانا ہے۔وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم میں فصلوں کے لیے انشورنس کا انتظام ہے اورا سٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیاکاروبار کو فروغ دینے کے لیے ہے۔ای-نیشنل زرعی مارکیٹ پورے ہندوستان میں الیکٹرانک کاروبار کرنے والا پورٹل ہے۔وزارت کے مطابق منتخب نوکر شاہوں کو ان منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں شراکت کے لیے 21؍اپریل کو وزیر اعظم کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا جائے گا جس دن سول سروس ڈے منایا جاتا ہے۔