سعودی عرب کے شہر قطیف میں دھماکہ، 2 دہشتگرد ہلاک

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں دھماکا خیز مواد لے جانے والی گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد سے بھری جیپ شہر کے وسط میں واقع میاس مارکیٹ سے گزر رہی تھی، دھماکے کے باعث گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی اور اس پر سوار دو مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ہلاک ہونے والے دہشتگرد ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد قریبی ٹاون العوامیہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا مسجد العمران کے قریب ہوا جس پر گزشتہ سال رمضان میں خودکش حملے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے تصاویر میں مکمل طور پر جھلسی ہوئی ایک لاش کو تباہ شدہ گاڑی کے ملبے سے نکالتے ہوئے دکھایا گیا، تاہم ان تصاویر کی حقیقت کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔